پی ڈی ایم ، پیپلز پارٹی اور پی ٹی آئی نے معیشت ، سیاست اور ادارے تباہ کیے : سراج الحق
لاہور( این این آئی)امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ پی ڈی ایم، پیپلز پارٹی اور پی ٹی آئی نے مل کر ملک کی معیشت، سیاست اور ادارے تباہ کیے۔ 15 جماعتوں کی وفاقی و صوبائی حکومتوں نے عوام کو مہنگائی، بے روزگاری دی، کرپشن عام کی اور سیاست میں گالم گلوچ کا کلچر متعارف کروایا۔ جماعت اسلامی ملک کی واحد جماعت ہے جو اس وقت اپوزیشن کا کردار ادا کر رہی ہے اور خیبر سے کراچی تک عوام کے حقوق کی جنگ لڑ رہی ہے، باقی سبھی جماعتیں اقتدار کے مزے لے رہی ہیں۔ ہماری جدوجہد ملک میں اسلامی نظام کے لیے ہے، ہم کرپشن کے خاتمہ اور سودی نظام کے خلاف لڑائی لڑ رہے ہیں، عوام اسلامی فلاحی پاکستان کی منزل کے حصول کے لیے آزمائی ہوئی پارٹیوں کی بجائے جماعت اسلامی کا ساتھ دے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے سمبڑیال سیالکوٹ میں سیکرٹری اطلاعات جماعت اسلامی قیصر شریف کی ہمشیرہ کی شادی کی تقریب میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ تقریب میں نائب امرا لیاقت بلوچ، راشد نسیم، سیکرٹری جنرل امیر العظیم، ڈپٹی سیکرٹری جنرلز محمد اصغر، اظہر اقبال حسن، امیر جماعت اسلامی پنجاب وسطی جاوید قصوری، صدر علما مشائخ رابطہ کونسل میاں مقصود احمد، صدر جے آئی یوتھ رسل خان بابر، امرائے اضلاع، سیاسی و مذہبی جماعتوں کی قیادت، سینئر صحافیوں ، ایڈیٹرز اور مختلف طبقہ ہائے فکر سے تعلق رکھنے والی نمایاں شخصیات کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ امیر جماعت نے دلہا اور دلہن کا نکاح پڑھایا اور دعا کرائی۔ سراج الحق نے صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ دو صوبوں میں انتخابات کی بجائے پورے ملک میں بیک وقت الیکشن ہونے چاہییں اور اس کے لیے قومی سیاسی جماعتوں کو بات چیت کا آغاز کرنا چاہیے۔ نگران سیٹ اپ مرکز اور صوبوں میں تشکیل دیا جائے۔ ان کا کہنا تھا کہ آئندہ الیکشن کو شفاف بنانا ہوگا تاکہ کسی فریق کو اعتراض نہ ہو۔ انتخابات میں اداروں کو غیر جانبدار رہنا ہوگا۔ دولت کے زور پر الیکشن لڑنے کی روایات کا خاتمہ ضروری ہے۔ الیکشن کمیشن کو مالی اور انتظامی لحاظ سے مضبوط ہونا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ سٹیٹس کو کی محافظ جماعتیں شفاف انتخابات چاہتی ہیں نہ پائیدار جمہوریت۔ استعمار کے وفادار ملک میں آئین و قانون کی حکمرانی اور احتساب کے مخالف ہیں، حکمرانوں کا عوام کو محروم، مجبور رکھنے پر اتفاق ہے۔ قوم کو اپنے حقوق کے لیے کھڑا ہونا ہوگا، قوم نے ہی فیصلہ کرنا ہے اور اب فیصلے کا وقت قریب آگیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ظالم حکمرانوں کا تسلسل آئندہ نسلوں کو غلام رکھنے کے مترادف ہے۔ پی ڈی ایم، پیپلز پارٹی اور پی ٹی آئی ٹرائیکا نااہل ثابت ہوگیا ہے، تینوں بری طرح ایکسپوزہوگئے۔
سراج الحق