تعلیم انسان کو زندگی گزارنے کا شعو ر دیتی ہے،پروفیسر طلعت نصیر پاشا

  تعلیم انسان کو زندگی گزارنے کا شعو ر دیتی ہے،پروفیسر طلعت نصیر پاشا

  

لاہور (پ ر) یونیورسٹی آف ایجوکیشن، لاہورکے مرکزی کیمپس میں میں گزشتہ روز تعلیم کے عالمی دن کی مناسبت سے خصوصی سیمینار کا انعقاد کیا گیا، جس کی صدارت وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر طلعت نصیر پاشا (ستارہِ امتیاز) جبکہ مہمان خصوصی چیئرمین پنجاب ہائر ایجوکیشن کمیشن پروفیسر ڈاکٹر شاہد منیر تھے۔ دیگر مہمانوں میں چیف ایگزیکٹو آفیسر پنجاب ایگزامینیشن کمیشن طارق اقبال، ڈائریکٹر جنرل نیشنل اکیڈمی آف پولیس اتھارٹی اظہر رشید و دیگر شامل تھے۔ سیمینار میں ایجوکیشن فار سیسٹین ایبل ڈویلپمنٹ یونیسکو کے چیئر ڈاکٹر چارلس ہوپکنز کا خصوصی پیغام بھی سنایا گیا۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پروفیسر ڈاکٹر طلعت نصیر پاشا (ستارہِ امتیاز) نے کہا کہ تعلیم صرف تدریس کا نام نہیں بلکہ ایک ایسا عمل ہے، جس کے ذریعے ایک فرد یا قوم خود آگاہی حاصل کرتی ہے، تعلیم انسان کو زندگی گزارنے کا شعور دیتی اور اس میں زندگی کے مقاصد و فرائض کا احساس پیدا کرتی ہے، تعلیم ہی سے ایک قوم اپنے ثقافتی، ذہنی اور فکری ورثے کو آئندہ نسلوں تک پہنچاتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ تعلیم انسان کو اشرف المخلوقات کے مرتبے پر فائض کرتی ہے، اور یہی وجہ ہے کہ دین سے دنیا تک ہر جگہ تعلیم کی اہمیت مسلمہ ہے۔، اسلام نے علم کے حصول کو فرض قرار دیا ہے تو دوسری طرف اس تعلیم کی بدولت ہی چند ترقی یافتہ ممالک پوری دنیا پر حکمرانی کر رہے ہیں۔ چیئرمین پنجاب ہائر ایجوکیشن کمیشن پروفیسر ڈاکٹر شاہد منیر نے اپنے خطاب میں کہا کہ وطن عزیز جب معرض وجود میں آیا تو ہمیں غیروں کا ایسا نظام تعلیم ملا، جو ہمارے زمینی حقائق سے مطابقت نہیں رکھتا تھا، جس کے باعث ہمارا شمار آج بھی ترقی پذیر ممالک کی فہرست میں ہوتا ہے۔ لہذا ضرورت اس امر کی ہے کہ وطن عزیز میں نہ صرف معیاری تعلیم بلکہ زمینی حقائق سے مطابقت رکھنے والے تعلیمی نظام کو فروغ دیا جائے۔ تقریب کے اواخر میں ڈائریکٹر ڈویڑن آف ایجوکیشن پروفیسر ڈاکٹر محمد ایاز نے مہمانوں کی آمد پر ان کا شکریہ ادا کیا۔ اس موقع پر یونیورسٹی فیکلٹی اور طلبہ و طالبات کی کثیر تعداد موجود تھی۔

مزید :

میٹروپولیٹن 1 -