گیس،پٹرولیم مصنوعات مہنگی،ٹیکسوں ،ریونیو میں اضافہ،بجلی پر سبسڈی بھی ختم،IMFشرائط قبول
اسلام آباد( مانیٹرنگ ڈیسک ، نیوز ایجنسیاں ) پاکستان نے عالمی مالیاتی فنڈکو یقین دہانی کرائی ہے کہ ملک میں جلد ہی گیس مہنگی کردیں گے، پیٹرول لیوی بھی بڑھا رہے ہیں۔وزارت خزانہ کے مطابق پاکستان اور آئی ایم ایف کے درمیان ورچوئل مذاکرات ہوئے جس میں پاکستان کی طرف سے سیکرٹری خزانہ حامد یعقوب شیخ کی سربراہی میں وفد نے مذاکرات کیے، آئی ایم ایف کی طرف سے مشن چیف ناتھن پورٹر مذاکرات میں شریک ہوئے۔ہ پاکستانی وفد نے معاشی صورت حال کے بارے میں بریفنگ دی، پاکستان نے رواں سال کے لیے مقررہ کردہ ٹیکس وصولیوں کا ہدف مکمل کرنےکی یقین دہانی کرائی اور آئی ایم ایف کو سیلاب سے متعلقہ منصوبوں پر اٹھنے والے اخراجات سے آگاہ کیا۔ پاکستانی وفد نے گیس کی قیمتوں میں جلد اضافے کے فیصلے سے بھی آگاہ کیا، وفد نے بتایا کہ گیس کی قیمتوں میں اضافہ یکم جولائی 2022 سے ہوگا، گیس کی قیمتوں میں اضافے کی منظوری جلد ہی کابینہ دےگی، گیس کے شعبے کا گردشی قرض بھی ختم کیا جارہا ہے، پیٹرولیم مصنوعات پر لیوی بھی مرحلہ وار بڑھائی جا رہی ہے۔ آئی ایم ایف نے مطالبہ کیا کہ پاکستان روپے کی قدر میں کمی کو مصنوعی طریقے سے نہ روکے، بجلی پر سبسڈی بھی ختم کی جائے، ٹیکس کا جی ڈی پی تناسب بڑھانے کے لیے اقدامات کیے جائیں، مختلف شعبوں کو دیے گئے استثنیٰ بھی ختم کیے جائیں۔ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان نے آئی ایم ایف سے پروگرام بحال کرنے پر اصرارکیا ہے۔، آئی ایم ایف نے کہا ہے کہ ڈالر ریٹ کا تعین مارکیٹ کے مطابق کیا جائے، انٹر بینک اور اوپن مارکیٹ میں فرق کو ختم کیا جائے۔آئی ایم ایف نے ایف بی آر ریونیو اہداف اور ٹیکس نیٹ بڑھانے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ بجٹ میں رکھے گئے اہداف کو پورا کیا جائے دوسری طرف وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ عالمی مالیاتی فنڈکو واضح پیغام دے دیا ہے آپ کی شرائط ماننے کو تیار ہیں اور نویں جائزے کیلئے پروگرام مکمل کرنا چاہتے ہیں۔اسلام آباد میں تقریب سے خطاب میں شہباز شریف کا کہنا تھاکہ آئی ایم ایف کوکہاہے ہم نویں جائزہ کیلئے پروگرام مکمل کرنا چاہتے ہیں اور آئی ایم ایف نے واضح پیغام دیا کہ ہم پاکستان کے ساتھ ہیں اور مل کرپاکستان کومشکلات سے نکالیں گے۔انہوں نے کہا کہ آئی ایم ایف کوواضح پیغام دیاہے کہ ہم آپ کی شرائط ماننے کو تیار ہیں، پاکستان کوبچانے جوذمےداری قبول کی اس کو آخری حدتک نبھائیں گے، قرضوں پرعیاشیاں کرنے کی اجازت نہیں۔ان کا کہنا تھاکہ تیل کی امپورٹ پربچت کیلئے اعلانات سے زیادہ اقدامات کی ضرورت ہے، ایک صوبے کی حکومت نے رات ساڑھے 8 بجے دکانیں بندکرنے کیخلاف حکم امتناع لیا، پاکستان کوبچاناہے تو ہمیں سیاست کو قربان کرنا ہوگا، ایک اورصوبائی حکومت نے سیاسی پوائنٹ اسکورنگ کیلئے تاخیری حربے استعمال کیے۔وزیراعظم کا کہنا تھاکہ پاکستان کو بچانے کیلئے سیاسی کمائی قربان کردوں گا، ریاست بچانے کیلئے اپنی سیاسی کمائی قربان کرنے کیلئے تیار ہوں، پاکستان کے جوحالات ہیں سب کواس کی ذمے داری قبول کرناہوگی، اس حمام میں سب ننگے ہیں، ہماری اور مارشل لائی حکومتیں سب شامل ہیں، 75 سال میں ہم نے جو کچھ کیا اس کے نقصانات سامنے ہیں۔
آئی ایم ایف شرائط