شہریوں کو کسی بھی صورت ناجائز منافع خوروں کے رحم و کرم پر نہیں چھوڑ سکتے :محسن نقوی

  شہریوں کو کسی بھی صورت ناجائز منافع خوروں کے رحم و کرم پر نہیں چھوڑ سکتے ...

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


      لاہور(جنرل رپورٹر)نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی کی زیرصدارت اعلیٰ سطح کااجلاس منعقدہوا، چیف سیکرٹری زاہد اختر زمان،انسپکٹر جنرل پولیس عثمان انور اور سی سی پی او لاہور بلال کمیانہ نے اجلاس میں شرکت کی۔ نگران وزیراعلیٰ محسن نقوی نے انتظامی امور،مہنگائی پر قابو پانے اور جرائم کنٹرول کرنے کے حوالے سے ہدایات دیں۔نگران وزیراعلیٰ محسن نقوی نے ہدایت کی کہ مہنگائی کنٹرول کرنے کے لئے ضروری انتظا می اقدامات اٹھائے جائیں اورانتظامی افسران مصنوعی مہنگائی پیدا کرنے والوں کے خلاف بلاامتیاز کارروائی کریں -اشیائے ضروریہ کی مقررکردہ نرخوں پر دستیابی یقینی بنائی جائے-شہریو ں کو کسی بھی صورت ناجائز منافع خوروں اور ذخیر ہ اندوزوں کے رحم وکرم پر نہیں چھوڑ سکتے-نگران وزیراعلیٰ محسن نقوی نے ہدایت کی کہ عوام کے جان و مال کے تحفظ کیلئے تمام ضروری اقدامات اٹھائے جائیں اور سنگین جرائم میں ملوث ملزمان کے خلاف بلاامتیاز قانونی کارروائی کی جائے۔لا اینڈ آرڈر کی صورتحال کے حوالے سے نتائج سامنے آنے چاہئیں۔ سٹریٹ کرائمز کو کنٹرول کرنے کے لئے پولیس کو انتہائی فعال انداز میں فرائض سرانجام دینا ہوں گے۔ امن و امان کو یقینی بنانا اولین ترجیح ہے۔خواتین اور بچوں کے خلاف جرائم میں ملوث ملزمان سے آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے۔ چیف سیکرٹری نے وزیراعلیٰ کو صوبے میں پرائس کنٹرول، انتظامی امور جبکہ آئی جی پولیس نے امن و امان کے حوالے سے بریفنگ دی۔محسن نقوی نے سنٹرل بزنس ڈسٹرکٹ،کلمہ چوک تا لبرٹی کی ری ماڈلنگ(سی بی ڈی پنجاب بلیوارڈ) کے منصوبے کوجلد مکمل کرنے کیلئے ہدایات جاری کر دی ہیں۔نگران وزیراعلیٰ محسن نقوی نے برکت مارکیٹ سے علی زیب روڈ تک انڈر پاس اور کلمہ چوک انڈر پاس کی ری ماڈلنگ پراجیکٹ کو 15فروری تک مکمل کرنے کی ڈیڈ لائن دی ہے۔نگران وزیراعلیٰ محسن نقوی نے ہدایت کی کہ کنٹریکٹر پراجیکٹ کو جتنی جلدی ہو سکے مکمل کرے تاکہ شہریوں کو آمدورفت میں سہولت میسر ہو۔پراجیکٹ پر دن رات کام کیاجائے اورجلد ازجلد تک پایہ تکمیل تک پہنچایاجائے۔نگران وزیراعلیٰ محسن نقوی نے مزید ہدایت کی کہ کلمہ چوک سے لبرٹی تک کی ٹریفک کی روانی کے لئے دو لین کو 24گھنٹے کے اندر فنکشنل کیاجائے۔انہوں نے کہاکہ شہریوں کو منصوبے کے باعث آمدورفت میں مشکلات کا سامنا ہے۔ دو لین فنکشنل ہونے سے آمدورفت میں آسانی ہوگی۔نگران وزیراعلیٰ نے کہاکہ منصوبے پر ہونے والی پیشرفت کے بارے میں روزانہ اپ ڈیٹ رکھا جائے۔واضح رہے کہ پہلے سنٹرل بزنس ڈسٹرکٹ،کلمہ چوک تا لبرٹی کی ری ماڈلنگ(سی بی ڈی پنجاب بلیوارڈ) منصوبہ مکمل کرنے کی ڈیڈ لائن 15مئی تھی۔ محسن نقوی سے آج وزیراعلیٰ آفس میں فاطمہ جناح میڈیکل کالج یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر خالد مسعود گوندل نے ملاقات کی۔ ڈاکٹر خالد مسعود گوندل نے فاطمہ جناح میڈیکل کالج یونیورسٹی اور گنگارام ہسپتال میں علاج معالجے کی سہولتوں کے بارے میں بریفنگ دی۔وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر خالد مسعود گوندل نے فاطمہ جناح میڈیکل کالج یونیورسٹی کے توسیعی پلان سے آگاہ کیا۔نگران وزیراعلیٰ محسن نقوی نے فاطمہ جناح میڈیکل کالج یونیورسٹی اور گنگارام ہسپتال کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کی یقین دہانی کرائی اور کہاکہ عوام کو صحت کی بہترین سہولیات کی فراہمی یقینی بنانا ترجیحات میں شامل ہیں۔فاطمہ جناح میڈیکل کالج یونیورسٹی کے توسیعی منصوبے کاجائزہ لے کر عوامی مفاد میں فیصلہ کیا جائے گا۔وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر خالد مسعود گوندل اور ڈین بیسک سائنسز پروفیسر منزہ اقبال نے وزارت اعلیٰ کا منصب سنبھالنے پر محسن نقوی کو مبارکباد دی اور نیک خواہشات کااظہار کیا۔
محسن نقوی

مزید :

صفحہ اول -