فواد چوہدری کیس، آئی جی پنجاب لاہور ہائیکورٹ پیش، آئی جی اسلام آباد غیر حاضر
لاہور: (ڈیلی پاکستان آن لائن) تحریک انصاف کے سینئر نائب صدر فواد چوہدری کی گرفتاری سے متعلق کیس میں آئی جی پنجاب عدالت کے طلب کرنے پر پیش ہو گئے تاہم آئی جی اسلام آباد عدالتی حکم کے باوجود پیش نہ ہوئے۔
نجی ٹی وی ایکسپریس نیوز کے مطابق لاہور ہائیکورٹ میں پی ٹی آئی رہنما کو حبس بے جا میں رکھنے کے خلاف کیس کی سماعت ہوئی، عدالت نے فواد چوہدری کو فوری پیش کرنے کا حکم دیا تاہم پولیس عدالتی حکم پر عمل درآمد میں ناکام نظر آئی۔ جسٹس طارق سلیم شیخ نے فواد چوہدری کو پیش کرنے کا حکم دیتے ہوئے سماعت ملتوی کر دی۔
سماعت دوبارہ شروع ہوئی تو ایڈیشنل ایڈووکیٹ جنرل پنجاب نے فواد چوہدری کو پیش کرنے کیلئے عدالت سے آدھے گھنٹے کی مہلت طلب کی تاہم وہ بھی عدالتی حکم پر عمل درآمد نہ کروا سکے۔ عدالت نے سماعت ایک مرتبہ پھر ملتوی کرتے ہوئے آئی جی پنجاب اور آئی جی اسلام آباد کو شام 6 بجے طلب کر لیا۔ سماعت آج شام دوبارہ شروع ہوئی تو آئی جی پنجاب عدالتی حکم پر پیش ہو گئے تاہم آئی جی اسلام آباد طلبی کے باوجود پیش نہیں ہوئے۔
آئی جی پنجاب عثمان انور نے لاہور ہائیکورٹ میں جسٹس طارق سلیم کے روبرو پیش ہو کر کہا کہ فواد چوہدری اسلام آباد پولیس کی تحویل میں ہیں، اس سے پہلے وزیراعظم کے ساتھ ڈیوٹی پر رحیم یار خان میں تھا جہاں موبائل سگنل کمزور تھے لہذا عدالتی احکامات کا بروقت علم نہیں ہو سکا، جیسے ہی علم ہوا عدالت پیش ہو گیا۔