کسان دوست پالیسیوں کے ثمرات عوام تک پہنچنا شروع ہوگئے، پنجاب میں یوریا کی فروخت میں 50 فیصد اضافہ ، جائزہ رپورٹ جاری

Jan 25, 2025 | 05:34 PM

لاہور ( ڈیلی پاکستان آن لائن )وزیراعلیٰ مریم نواز کی پنجاب میں کاشتکار دوست پالیسیوں کے ثمرات عوام تک پہنچنا شروع ہوگئے-چیف منسٹر کسان کارڈ کے استعمال کی بدولت اور بہترین انتظامی کنٹرول سے صوبہ بھر میں یوریا کی فروخت میں 50 فیصد اضافہ ہو گیاہے-پنجاب میں کھاد کے استعمال کے حوالے سے ایک خصوصی جائزہ رپورٹ میں کھاد کے استعمال میں اضافہ کی تصدیق کی گئی-جائزہ رپورٹ میں بتایاگیا کہ وزیراعلیٰ پنجاب کسان کارڈمیں کھاد اور کیڑے مار ادویات کی خریداری میں ریکارڈ اضافہ دیکھا گیا-

جائزہ رپورٹ کے مطابق صوبے میں 991 ہزار ٹن یوریا کی فروخت 57.9 فیصد اضافہ نوٹ کیاگیا ہے-یہ امر قابل ذکر ہے کہ یوریا کی فروخت میں اضافہ پنجاب حکومت کی کسان کارڈ کے ذریعے خریداری کی وجہ سے ہوا-یوریا کے علاوہ صوبہ بھر میں دیگر نامیاتی کھادوں کی فروخت میں بھی 42.9 فیصد اضافہ ہوا،اسی طرح پنجاب میں نائٹروجن 50.7، فاسفیٹ 9.3 اور پوٹاش 0.8 فیصد اضافہ دیکھنے میں آیا-کھاد کے نرخ میں موجودہ سیزن میں پہلی مرتبہ واضح کمی کا رحجان رہا-

رپورٹ میں مزید بتایا گیاکہ وزیراعلیٰ مریم نواز کی ہدایت پر صوبہ بھر میں گندم کی بوائی کی سیٹلائٹ کے ذریعے مانیٹرنگ بھی شروع کردی گئی ہے- محکمہ زراعت کے پیش کردہ اعدادوشمار کے مطابق 1 کروڑ 61 لاکھ گندم کی کاشت کے رقبے کی سیٹلائٹ کے ذریعے تصدیق کا عمل جاری ہے- سیٹلائٹ سے لیے جانے والے امیج کا گندم کی فصل پک کر تیارہونے پرسیٹلائٹ امیج سے موازنہ کیا جائے گا-

جائزہ رپورٹ میں مزید بتایا گیا کہ کسان کارڈ حاصل کرنے والے 4 لاکھ کاشتکار کسان کارڈ استعمال کرتے ہوئے کھاد، کیڑے مار ادویات سمیت اب تک 35 ارب روپے کی زرعی مداخل خرید چکے ہیں - اب تک پنجاب کے 5 لاکھ 30 ہزار کاشتکاروں کو کسان کارڈ جاری ہو چکے ہیں -پنجاب میں ساڑھے سات لاکھ کاشت کاروں کو کسان کارڈ ملیں گے -کسان اور زراعت کی مدد کا یہ پنجاب کی تاریخ کا سب سے بڑا پروگرام ہے-

مزیدخبریں