جنرل ساحر شمشاد مرزا کا دورۂ اٹلی، وزیر دفاع اور چیف آف ڈیفنس سٹاف سے ملاقاتیں

سورس: فوٹو: آئی ایس پی آر
راولپنڈی ( ڈیلی پاکستان آن لائن ) چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی جنرل ساحر شمشاد مرزا نے اٹلی کا سرکاری دورہ کیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق دورے کے دوران جنرل ساحر شمشاد مرزا کی اٹلی کے وزیر دفاع، چیف آف ڈیفنس سٹاف، چیف آف سٹاف اور چیف ایگزیکٹو افسر سے ملاقاتیں ہوئیں۔ملاقاتوں میں جیو سٹریٹجک صورتحال، دوطرفہ تعلقات اور دونوں ملکوں کے درمیان سیکیورٹی کے شعبے میں تعاون کے فروغ پر گفتگو کی گئی۔
آئی ایس پی آر کے مطابق اٹلی کی سول اور فوجی قیادت نے پاک فوج کی پیشہ ورانہ مہارت کی تعریف کی اور دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاک فوج کی قربانیوں کو سراہا۔
اٹلی کے فوجی ہیڈکوارٹرز میں چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی کو گارڈ آف آنر پیش کیا گیا۔