ویسٹ انڈیز اور نیوزی لینڈ آج پہلے ٹیسٹ میں مدمقابل

ویسٹ انڈیز اور نیوزی لینڈ آج پہلے ٹیسٹ میں مدمقابل

  

کنگسٹن(نیٹ نیوز) ویسٹ انڈیز اور نیوزی لینڈ کی کرکٹ ٹیموں کے درمیان دو ٹیسٹ میچوں پر مشتمل سیریز کا پہلا میچ آج سر ویون رچرڈز سٹیڈیم، نارتھ ساﺅنڈ اینٹیگا میں شروع ہوگا۔ دونوں ٹیمیں 4 سال بعد ٹیسٹ سیریز میں آمنے سامنے ہوں گی۔ ویسٹ انڈیز کی ٹیم ڈیرن سیمی کی قیادت میں میدان میں اترے گی جبکہ کیوی ٹیم کی قیادت کے فرائض روس ٹیلر انجام دیں گے۔ ویسٹ انڈیز اور نیوزی لینڈ کی ٹیموں کے درمیان 1952 سے اب تک باہمی سیریز میں 37 ٹیسٹ میچز کھیلے گئے جس میں میزبان ویسٹ انڈیز نے10 اور نیوزی لینڈ نے 9 میں فتح حاصل کی جبکہ 18 ٹیسٹ ڈرا ہوئے۔ دونوں ٹیموں کے درمیان سیریز کا دوسرا اور آخری ٹیسٹ 2 سے 6 اگست تک جمیکا میں کھیلا جائے گا۔ ویسٹ انڈیز اور نیوزی لینڈ کی ٹیموں کے درمیان اس سے قبل کھیلی گئی ٹی ٹونٹی اور ون ڈے میچوں کی سیریز ویسٹ انڈیز کے نام رہی تھی۔ ویسٹ انڈیز نے نیوزی لینڈ کے خلاف پہلے ٹیسٹ میچ کے لئے 13 رکنی ٹیم کا اعلان کر رکھا ہے، مایہ ناز بلے باز کرس گیل کو 18 ماہ بعد دوبارہ ٹیم کا حصہ بنایا گیا ہے۔ ڈیرن براوو کو خراب کارکردگی کا مظاہرہ کرنے پر ٹیم سے ڈراپ کر دیا گیا ہے۔

مزید :

کھیل اور کھلاڑی -