آسٹریلیا میں سینکڑوں شہریوں کو موبائل فونز پر دھمکی آمیز پیغامات
سڈنی (اے پی پی) آسٹریلیا میں سینکڑوں شہریوں کو موبائل فونز پر دھمکی آمیز پیغامات سے خوف و ہراس پھیل گیا۔ آسٹریلوی پولیس نے موبائل صارفین سے کہا ہے کہ وہ دھمکی آمیز پیغام کو نظر انداز کر دیں جس میں پانچ ہزار آسٹریلوی ڈالر ادا نہ کرنیوالوں کو قتل کی دھمکی دی گئی۔ پولیس نے نیوساﺅتھ ویلز، مغربی آسٹریلیا، وکٹوریا، کوئنزلینڈ، جنوبی آسٹریلیا اور تسمانیہ کی ریاستوں میں پیغام وصول کرنیوالوں کو کہا ہے کہ وہ فکر مند نہ ہوں۔ پولیس پیغام کے منبع کے بارے میں تحقیقات کر رہی ہے تاہم پولیس کا خیال ہے کہ اس سے کوئی حقیقی خطرہ نہیں ہے۔ سکینڈلز کی نگرانی کرنیوالی ویب سائٹ کے مالک آسٹریلین کمپیٹشن اینڈ کنزیومر کمیشن نے کہا ہے کہ زیادہ تر سکینڈلز سمندر پار سے منظر عام پر آتے ہیں جن کا یہاں پر کھوج لگانا اور مقدمہ چلانا بہت مشکل ہوتا ہے۔