نشتر کالونی :ڈکیتی کے دوران مزاحمت پر 9ویں جماعت کا طالبعلم زخمی ڈاکووں کی فائرنگ سے ساتھی ہلاک

نشتر کالونی :ڈکیتی کے دوران مزاحمت پر 9ویں جماعت کا طالبعلم زخمی ڈاکووں کی ...

  

لاہور ( سپیشل رپورٹر) نشتر کالونی کے علاقہ اعوان مارکیٹ میں گھر کے اندر ہونے والی ڈکیتی کے دوران9 ویں کلاس کی طالب علم کی مزاحمت پر ڈاکوﺅں نے اندھا دھند فائرنگ کرکے اسکو شدید زخمی کردیا جبکہ ملزمان کی فائرنگ سے انکا ایک ساتھی ڈاکو بھی ہلاک ہوگیا جس پر ملزمان اسکی نعش کوچھوڑ کر وہاں سے فرار ہوگئے۔وقوعہ کی اطلاع ملنے پر پولیس بھی موقع پر پہنچ گئی جہاںانہوں نے تمام حالات کا جائزہ لینے کے بعد مارے جانے والے ڈاکو کی نعش کو اپنے قبضے میں لیتے ہوئے اسکو پوسٹمارٹم کیلئے مردہ خانے میں جمع کروادیا اور زخمی طالب علم کو طبی امداد کیلئے ہسپتال میں داخل کروادیاہے۔پولیس کے مطابق اپنے ہی ساتھیوں کی فائرنگ سے ہلاک ہونے والے ڈاکو کی نعش کی شناخت ہو گئی ہے۔ اور اس کے دیگر ساتھیوں کی گرفتاریوں کیلئے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔معلوم ہوا ہے کہ نشتر کالونی کے علاقہ اعوان مارکیٹ کے علاقہ میں رہائش پذیر ندیم احمد کے گھر سحری کے وقت چار ڈاکو زبردستی داخل ہوئے اور انہوں نے گن پوائنٹ پر اہلخانہ کو یرغمال بناتے ہوئے وہاں لوٹ مار شروع کردی اسی دوران ندیم احمد کے چھوٹے بھائی 17 سالہ نبیل نے والدہ کو تھپڑ مارنے پر مزاحمت کرتے ہوئے ایک ڈاکو کو پکڑ لیا جس پر دوسرے ڈاکوﺅں نے گھبرا کر فائرنگ شروع کر دی جس کی زد میں آ کرڈاکوﺅں کا اپنا ہی ایک ساتھی ہلاک ہوگیا جبکہ نبیل زخمی ہوگیا۔ فائرنگ کی آواز سن کر اہل محلہ گھر کے باہر جمع ہو گئے جس پر مذکورہ ملزمان وہاں سے فائرنگ کرتے ہوئے فرار ہوگئے۔ واقعہ کی اطلاع ملنے پر پولیس کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی جہاں انہوں نے زخمی نبیل کو فوری طور پر طبی امداد کیلئے ہسپتال میں داخل کروا دیا گیا جہاں اس کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے ۔ دریں اثنا پولیس نے اپنے ساتھیوں کی فائرنگ سے مارے جانے والے ڈاکو کی نعش کو اپنے قبضے میں لیتے ہوئے اسے پوسٹمارٹم کیلئے مردہ خانے میں جمع کروا دیاہے۔ پولیس کے مطابق ہلاک ہونے والے ڈاکو کی نعش کی شناخت اکمل کے نام سے ہوئی ہے اور وہ کاہنہ کے علاقہ یوحنا آباد کا رہائشی ہے۔ پولیس کے مطابق ڈکیتی کی اس واردات میں ملوث دیگر ملزمان کی گرفتاریوں کیلئے چھاپے مارے جا رہے ہیں ۔ امید ہے کہ انہیں جلد گرفتار کرلیا جائے گا۔

مزید :

صفحہ آخر -