پاکستانی عوام ناکامیوں کو کامیابیوں میں بدلنے کی صلاحیت رکھتے ہیں:نواز شریف

پاکستانی عوام ناکامیوں کو کامیابیوں میں بدلنے کی صلاحیت رکھتے ہیں:نواز شریف

  

مری (ثناءنیوز) پاکستان مسلم لیگ ن کے صدر محمد نواز شریف سے سرگودھا سے تعلق رکھنے والے پاکستان پیپلز پارٹی کے عہدیداروں، ٹکٹ ہولڈروں اور سابق ناظمین نے ملاقات کی اور نواز شریف کی قیادت پر بھرپور اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے مسلم لیگ ن میں شمولیت کا اعلان کیا۔جن رہنماﺅں نے پاکستان مسلم لیگ ن میں شمولیت کا اعلان کیا ان میں این اے 67 سرگودھا سے پیپلز پارٹی کے سابق امیدوار ڈاکٹر ذوالفقار علی بھٹی، سابق تحصیل ناظم اور ڈسٹرکٹ نائب صدر راجہ وقارمہدی، رکن ضلع کونسل و نائب صدر پی پی پی افضل سیال، ناظم یونین کونسل طاہر جاوید، سٹی ناظم بھاگٹانوالہ الطاف حسین منڈا، ناظم یونین کونسل احمد شیر اعوان، ناظم یونین کونسل ملک امتیاز نسوانہ، ناظم یونین کونسل افضل حسین بھوبک، ناظم یونین کونسل راجہ ریحان مہدی، نائب چیئرمین مارکیٹ کمیٹی مبشر سلہریا اور چیئرمین یونین کونسل حاجی نذیر چدھڑ شامل ہیں۔ اس موقع پر مسلم لیگ ن سرگودھا کے صدر شاہ نواز رانجھا، رکن قومی اسمبلی شفقت بلوچ اور دیگر رہنما ئھی موجود تھے۔ پاکستان مسلم لیگ ن میں شامل ہونے والے پیپلز پارٹی کے رہنماﺅں نے اس موقع پر کہا کہ نواز شریف کی قیادت میں پاکستان کا جمہوری اور معاشی مستقبل سنوارنے کا مسلم لیگ ن کا قومی ایجنڈا وقت کی آواز ہے اور قومی امنگوں کی تکمیل اس کی کامیابی میں ہے۔ محمد نواز شریف نے مسلم لیگ ن میں شامل ہونے والوں کو خوش آمدید کہتے ہوئے اس یقین کا اظہار کیا کہ پاکستانی عوام میں وہ تمام صلاحیتیں موجود ہیں کہ وہ قومی سطح پر ہونے والی ناکامیوں کو کامیابیوں میں بدل ڈالیں۔ انہوں نے کہا کہ جب جب عوام کو ان کے حقیقی نمائندوں کے ذریعے اقتدار میں شامل کیا گیا، تب تب پاکستان نے تیز رفتار ترقی کی مثالیں قائم کیں۔ نواز شریف نے کہا کہ وہ پوری پاکستانی قوم کو متحد کرنے کی کوششیں کررہے ہیں تاکہ نفرت کو محبت اور انتشار کو اتحاد میں بدل کر عوام کے حقیقی مسائل جن میں لوڈشیڈنگ، صنعتوں کی بندش، بیروزگاری اور بدامنی شامل ہیں کو دور کرکے ایکخوشحال پاکستان کے مقاصد کو حاصل کیا جاسکے۔ اس موقع پر سابق جنرل سیکرٹری حلقہ پی پی 55 چودھری یاسر حسین کنگ ایڈووکیٹ نے بھی نوازشریف کی قیادت پر اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے پاکستان مسلم لیگ ن میں شمولیت کا اعلان کیا۔

مزید :

صفحہ اول -