ایم کیو ایم اور اے این پی کے رہنماﺅں کے درمیان ملاقات ، کراچی میں امن کے لیے بلا امتیاز کارروائی پراتفاق

ایم کیو ایم اور اے این پی کے رہنماﺅں کے درمیان ملاقات ، کراچی میں امن کے لیے ...
ایم کیو ایم اور اے این پی کے رہنماﺅں کے درمیان ملاقات ، کراچی میں امن کے لیے بلا امتیاز کارروائی پراتفاق

  

اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک ) متحدہ قومی موومنٹ کے رہنماءڈاکٹر فاروق ستار نے کہا ہے کہ کراچی میں امن کے قیام کے لیے بلا امتیاز کارروائی ہونی چاہیے جس میں کسی بھی قسم کے جرائم میں ملوث گروہ یا افراد کے خلاف ایک فیصد بھی برداشت کے بغیر کارروائی کی جائے ۔ انہوں نے بتایا کہ ملک میں استحکام کے لیے ضروری ہے کہ تمام سیاسی جماعتیں مل جل کرکام کریں اور مسائل کے حل پر سرجوڑ کر بیٹھ جائیں۔ خیبر پختوا نخوا ہ ہاﺅس اسلام آباد میں ایم کیو ایم کی اے این پی سے ہونے والی ملاقات کے بعد پریس کانفرنس کرتے ہوئے فاروق ستار کا کہنا تھا کہ ایم کیو ایم نے صدر مملکت کو گول میز کانفرنس کی تجویز دی جس میں مذہبی رہنماء، دانشور، سیاسی رہنماﺅں اور عسکری قیادت سمیت تما م سے رائے لے کر ملک کی سلامتی اور بقا ءکو لاحق خطرات کے خاتمے کاحل نکالا جا سکتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ایم کیو ایم کی اس تجویز کا صد ر نے خیر مقدم کیا اور ملک کوبہت سے مسائل درپیش ہیں جن میں توانائی کا بحران ، بلوچستان میں بد امنی ، کراچی کی صورتحال، مہنگائی اور انتہا پسندی شامل ہیں جن سے ملک کا شاہد ہی کو ئی علاقہ ہو جو متاثر نہ ہو ا ہو۔انہوں نے کہا کہ لوگ سیاسی جماعتوں کی طرف دیکھ رہے ہیں اور عوام کا جمہوریت پر اعتماد بحال رکھنا سیاسی جماعتوں کا فرض بنتا ہے۔ مشتر کہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے عوامی نیشنل پارٹی کے رہنماءسینٹر حاجی عدیل نے ڈاکٹر فاروق ستار اور ان کے ساتھیوںکا تشریف آوری پرشکریہ ادا کیا ۔ سینٹر حاجی عدیل کا کہنا تھا کہ ملاقات کے دوران بہت اچھی باتیں ہوئی ہیں اور اے این پی لبرل پارٹی ہے جو عدم تشدد پریقین رکھتی ہے جس کی ایک سو سالہ تاریخ ہے۔انہوں نے کہا کہ کراچی معیشت کے حوالے سے بہت اہم شہر ہے، باہر کے ممالک سے آنے والا سامان کراچی سے ہی پورے ملک میں جاتا ہے ۔ان کا کہنا تھاکہ ان کی جماعت پورے ملک میں امن چاہتی ہے اور کراچی میں موجود تمام مافیا کے خلاف بلا تفریق کارروائی ہونی چاہیے ۔انہوں نے بتایا کہ ایم کیو ایم اور اے این پی کی ملاقاتوں سے بہتر نتائج مرتب ہوں گے۔

مزید :

اسلام آباد -اہم خبریں -