اے این پی کا پی پی کے صدارتی امیدوار کی حمایت کا اعلان ، انتخابات میں جانے یا بائیکاٹ کا فیصلہ آج کریں گے : رضاربانی
اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک) عوامی نیشنل پارٹی کے سربراہ اسفند یارولی نے پیپلزپارٹی کے صدارتی امیدوار رضاربانی کی حمایت کا اعلان کردیاجبکہ پیپلزپارٹی کاکہناہے کہ سپریم کورٹ کے یکطرفہ فیصلے کے بعد وہ غورکررہے ہیں کہ صدارتی الیکشن میں جاناہے یا بائیکاٹ کرناہے۔پیپلزپارٹی کا چھ رکنی وفد صدارتی انتخابات کے سلسلے میں عوامی نیشنل پارٹی کے سربراہ اسفند یارولی کی رہائش گاہ پر پہنچاجہاں ملاقات کے بعدمیڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اسفند یارولی نے کہاکہ پیپلزپارٹی کے ہر فیصلے کیساتھ ہیں ، پیپلزپارٹی جو بھی فیصلہ کرے گی ،عوامی نیشنل پارٹی اُس کی حما یت کرے گی ۔پیپلزپارٹی کے صدارتی امیدوار رضاربانی نے کہاکہ حمایت کرنے پر اے این پی کے شکرگزار ہیں ،ووٹ کیلئے تمام اپوزیشن جماعتوں کے پاس جارہے تھے لیکن اب سپریم کورٹ کی طرف سے صرف ن لیگ کو سن کر انتخابات کی تاریخ میں تبدیلی سے دودن باقی ملے ہیں ۔اُنہوں نے کہاکہ مختلف سیاسی جماعتوں سے مل کر حکمت عملی طے کررہے ہیں کہ انتخابات میں جاناہے یابائیکاٹ کرناہے اور فیصلہ آج ہی کرلیں گے ۔ اُنہوںنے انتخابی تاریخ سے متعلق بیان پر چیف الیکشن کمشنر سے مطالبہ کیاکہ وہ اپنے بیان کی وضاحت کریں ۔