راجن پور کے نوازشریف اور شہبازشریف کو ووٹ کاسٹ کرنے کیلئے مسلم لیگ (ن)کا امیدوار نہ مل سکا
راجن پور(ڈیلی پاکستان آن لائن )قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 194 میں دو سگے بھائی محمد شہباز شریف اور محمد نواز شریف اپنا ووٹ کاسٹ کرنے کے لیے پولنگ اسٹیشن پہنچ گئے لیکن انہیں وہاں پہنچ کر دھچکا لگا جب پتہ چلا کہ یہاں ن لیگ کا کوئی امیدوار نہیں ہے۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق راجن پور 2 کے قومی اسمبلی کے حلقے 194 میں اس وقت دلچسپ صورت حال پیدا ہوگئی جب دو سگے بھائی نواز شریف اور شہباز شریف حق رائے دہی کے لیے متعلقہ پولنگ سٹیشن پہنچے۔ مسلم لیگ (ن) کے قائد نواز شریف اور موجودہ صدر شہباز شریف کے ہم نام یہ دونوں بھائی مسلم لیگ (ن) ہی کے ووٹرز اور سپورٹرز ہیں۔
اپنے قائدین کے ہم نام ان دونوں ووٹرز کا کہنا تھا کہ ہمارے والدین نے سابق وزیراعظم نواز شریف اور سابق وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف کی محبت میں مغلوب ہو کر ہمارے نام رکھے تھے اور ہم بھی مسلم لیگ (ن) کے شیدائی ہیں لیکن پولنگ سٹیشن پر پہنچ کر افسوس ہوا کہ اس حلقے سے مسلم لیگ (ن) کا کوئی امیدوار انتخاب نہیں لڑ رہا ہے اب سمجھ نہیں آرہا ہے کہ ہم کسے ووٹ دیں۔
واضح رہے کہ گزشتہ انتخابات میں حلقہ این اے 175 ( موجودہ این اے 194) سے مسلم لیگ (ن) کے امیدوار حفیظ الرحمن دریشک نے 1 لاکھ سے زائد ووٹ لے کر کامیابی حاصل کی تھی اور اس بار بھی مسلم لیگ (ن) نے انہیں ٹکٹ دیا تھا تاہم کاغذات نامزدگی قبول ہونے کے بعد انہوں نے اپنی پارٹی کو ٹکٹ واپس کردیا اور اب جیپ کے نشان پر الیکشن لڑ رہے ہیں۔