پنجاب ہائی وے پٹرولنگ کی ششماہی کارکردگی کا جائزہ اجلاس

پنجاب ہائی وے پٹرولنگ کی ششماہی کارکردگی کا جائزہ اجلاس

  

لاہور(کر ائم رپو رٹر)انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب شعیب دستگیر کی ہدایت پر پنجاب ہائی وے پٹرول کی ششماہی کارکردگی کا جائزہ لینے کیلئے سنٹرل پولیس آفس میں اجلاس منعقد کیا گیا جس کی صدارت ایڈیشنل آئی جی پی ایچ پی کیپٹن (ر) ظفر اقبال اعوا ن (ستارہ امتیاز) نے کی۔ اجلاس میں ڈی آئی جی پی ایچ پی طارق عباس قریشی، ایس ایس پی ہیڈ کوارٹر افضل نذیر، ریجنل ایس پیز، ضلعی ڈی ایس پیز سمیت دیگر افسران بھی موجود تھے جبکہ اس موقع پرشاہرات پر 2020 اور 2019 کی پہلی ششماہی کارکردگی کاتقابلی جائزہ لیا گیا۔اجلاس کے ایجنڈا میں عید قربان کے موقع پر ڈیوٹی پلان، مجموعی کارکردگی، آڈٹ، ویلفئیر، ڈسپلن اور سڑکوں پر ہونے والے جرائم و حادثات کی رپورٹس، گاڑیوں کی مرمت و بحالی،ڈی جی خان اور سرگودھا میں ٹریفک مینجمنٹ کا پائلٹ پراجیکٹ سمیت شامل تھے۔اجلاس میں تمام ریجنل ہیڈز نے اپنے ریجن کی چھ ماہ کی کار کردگی پر پریزنٹیشن دی جبکہ پی ایچ پی فورس کی کارکردگی، ٹریفک حادثات کی روک تھام اور سماج دشمن عناصر کے خلاف ہونے والے اقدامات بھی تفصیلی طور پر زیر بحث آئے۔اجلاس میں ملتان اور فیصل آباد ریجن کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے ایڈیشنل آئی جی پی ایچ نے ہدایت کی کہ دیگر ریجن بھی اسی طرز پر اپنی مجموعی کارکردگی میں مزید بہتری لائیں۔

جبکہ ضلع وہاڑی نے مختلف شعبوں میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے تمام اضلاع میں مجموعی طور پر اول پوزیشن حاصل کی۔ ایڈیشنل آئی جی پی ایچ پی کیپٹن (ر) ظفر اقبال اعوا ن نے عید الاضحی کی مناسبت سے ہائی الرٹ جاری کرتے ہوئے کہاکہ عید کے حوالے سے تمام ریجنز اورا ضلاع میں پی ایچ پی کے اہلکار مزید تندہی سے اپنے فرائض سر انجام دیں اور مویشی منڈیوں میں آنے والے بیوپاریوں کے مال مویشی اور شہریوں کی جان ومال کے تحفظ کو ہرصورت یقینی بنایا جائے۔ اجلاس میں یکم جولائی 2020سے ڈی جی خان اور سرگودھا ریجن میں شروع کئے گئے ٹریفک مینجمنٹ کے پائلٹ پراجیکٹ کی کارکردگی پر بریفنگ لی اور نتائج کو سراہتے ہوئے پراجیکٹ کا دائرہ کار بڑھانے کا اعادہ کیا گیا۔ ایڈیشنل آئی جی پی ایچ پی نے ہدایت کی آپریشنل مقاصدکیلئے استعمال ہونے والی گاڑیوں کی مرمت و بحالی کا کام ترجیحی بنیادوں پر مکمل کیاجائے تاکہ فورس کی مجموعی پرفارمنس بہتر سے بہتر ہوسکے۔ انہوں نے تاکید کی کہ اہلکاروں کی ویلفیئر اور تحفظ پی ایچ پی کی اولین ترجیحات میں شامل ہے لہذا اس حوالے سے تمام دستیاب وسائل او ر جامع حکمت عملی کے تحت بروقت اقدامات کو یقینی بنایا جائے کیونکہ ہر افسر و اہلکار پی ایچ پی فورس کا قیمتی اثاثہ ہے۔ انہوں نے کورونا کے حوالے سے پی ایچ پی کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہاکہ کورونا لاک ڈاؤن کے دوران پی ایچ پی اہلکاروں نے جس تندہی اور جذبے کے ساتھ فرائض سر انجام دئیے وہ قابل ستائش ہے اسی جذبے کے تحت مستقبل میں بھی فرائض کی ادائیگی کا سلسلہ جاری رکھا جائے۔ انہوں نے مزیدکہاکہ آئی جی پنجاب شعیب دستگیر کے ویڑن کے مطابق پی ایچ پی کے افسرو اہلکارشاہرات پر مسافروں کی سہولت اور تحفظ کیلئے”مددگار فورس“کے طور پر اپنے فرائض سر انجام دیں تاکہ شہریوں اورپولیس کے درمیان تعاون کی فضا بہتر سے بہتر ہوسکے۔صوبائی سرحدوں کے ساتھ ملحقہ اضلاع میں سمگلنگ کو روکنے کے لیے ناکہ بندی اور گشت کو موثر بنائیں۔شجرکاری مہم پر بات کرتے ہوئے کہا کہ یہ صدقہ جاریہ ہے لہذا پبلک کے تعاون سے زیادہ سے زیادہ درخت لگائیں۔کرپشن پر بات کرتے ہوئے کہا کرپشن اور بدعنوانی کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی ہے۔مزید ریجنل ہیڈز کو حکم دیا کہ ڈیوٹی میں غفلت ہر گز برداشت نہ ہو گی۔ پوسٹوں پر نفری کی حاضری یقینی بنائی جائے۔تمام ریجنل ہیڈزاور ضلعی افسر اپنے اپنے علاقہ جات میں سرپرائز وزٹ میں تیزی لائیں۔

مزید :

علاقائی -