دہشتگردی کو شکست دینے میں پنجاب پولیس کا کلیدی کردارہے، اشفاق خان

دہشتگردی کو شکست دینے میں پنجاب پولیس کا کلیدی کردارہے، اشفاق خان

  

لا ہو ر (کرائم رپورٹر)ڈی آئی جی آپریشنز لاہوراشفاق خان نے کہا ہے کہ ملک میں امن و امان کے قیام اور دہشت گردی کو شکست دینے میں پنجاب پولیس کے افسران وجوانوں کا کلیدی کردار رہا ہے فرض کی ادائیگی کے لئے جان قربان کر دینا پنجاب پولیس کی عظیم روایت ہے دہشتگردی کے خلاف جنگ میں پنجاب پولیس نے عظیم قربانیاں دی ہیں اور اپنے جانوں کا نذرانہ پیش کر کے بہادری اور جرات کی بے مثال تاریخ رقم کی ہے۔سانحہ ارفع کریم ٹاور کے شہداء کی تیسری برسی کے موقع پراپنے پیغام میں ڈی آئی جی آپریشنز اشفاق خان نے کہا کہ آج سے تین سال قبل ارفع کریم ٹاور کے قریب فرض کی ادائیگی کے دوران سب انسپکٹر ریاض احمد، اے ایس آئی فیاض احمد، کانسٹیبلزمعظم علی، عابد علی، ساجد، عمیر غنی سمیت دو سگے بھائی غلام مرتضی اور علی رضا نے جام شہادت نوش کیا شہید پولیس افسران اور جوانوں نے شہادت کا عظیم رتبہ حاصل کرکے پوری پولیس فورس کا سر فخر سے بلند کر دیا قیمتی جانوں کا نذرانہ پیش کرنیوالے پولیس کے شہداء کی لازوال قربانیوں کوخراج تحسین پیش کرتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ شہید ہونے والے پولیس افسران اور جوانوں کی قربانیاں ہمیشہ دلوں میں تازہ رہیں گی۔جامِ شہادت نوش کرنے والے غیور افسران و اہلکار پنجاب پولیس کا قابل فخر سرمایہ ہیں۔اشفاق خان نے کہا کہ ہم عہد کرتے ہیں کہ مستقبل میں بھی جذبہ شہادت سے سرشار ہوکراپنی جان کی قربانی دینے سے پیچھے نہیں ہٹیں گے۔شہدا ء کے لواحقین کی مناسب دیکھ بھال کے لئے تمام وسائل بروئے کار لا رہے ہیں۔

مزید :

علاقائی -