جعلی زرعی ادویات، کھاد مافیا کیخلاف کریک ڈاؤن جار

جعلی زرعی ادویات، کھاد مافیا کیخلاف کریک ڈاؤن جار

  

لاہور(لیڈی رپورٹر) پنجاب بھر میں بڑے پیمانے پر جعلی زرعی ادویات اور کھاد مافیا کے خلاف کریک ڈاؤن کیا جا رہا ہے۔ جعلی زرعی ادویات اور کھادوں کا کاروبار کرنے والوں کے خلاف فی الفور قانونی کاروائی عمل میں لائی جا رہی ہے یہ بات ایڈیشنل سیکرٹری زراعت (ٹاسک فورس) پنجاب رانا علی ارشد نے راولپنڈی میں زرعی ٹاسک فورس کمیٹی کی کارکردگی کے جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔اس موقع پر انہوں نے کہا کہ کاشتکاروں کو معیاری زرعی ادویات اور کھادوں کی فراہمی کو یقینی بنانے کے لئے ٹاسک فورس کی ٹیم سرگرم عمل ہے۔ انہوں نے ہدایت جاری کی کہ تمام زرعی افسران اور عملہ وسائل کا باکفایت استعمال کرتے ہوئے بلا خوف و خطر اپنی ذمہ داریوں کو احسن طریقے سے انجام دیں۔ کاشتکاروں کو ہر ممکن سہولیات پہنچانا محکمہ زراعت پنجاب کی اولین ترجیح ہے لہٰذا کاشتکاروں کی خدمت کے لئے ایڈوائزری سروس کو مزید تیز کیا جائے۔ انہوں نے بتایا کہ پنجاب زرعی ٹاسک فورس نے شکایات درج کرانے کا نیا سسٹم متعارف کرایا ہے جس کے ذریعے کاشتکار کسی بھی وقت وٹس ایپ نمبر 0300-2955539پر اپنی شکایات بذریعہ پیغام یا ویڈیو بھیج سکتے ہیں اور اس پر کاروائی چوبیس گھنٹے کے اندر عمل میں لائی جاتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت پنجاب بھر میں زرعی مداخل (زرعی ادویات اور کھادوں) کا کوئی بحران نہیں ہے اور کاشتکاروں کو ان زرعی مداخل کی فراہمی کو یقینی بنایا جا رہا ہے۔اس موقع پر سجاد حیدر ڈائریکٹر زراعت (توسیع) راولپنڈی ڈویڑن نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ سال2019-20 میں راولپنڈی ڈویڑن میں مقررہ قیمت سے زائد کھادوں کی فروخت پر11 لاکھ 22 ہزار روپے کے جرمانے کیے گئے اور جعلی کھادوں کا کاروبار کرنے والے 6 ڈیلروں کے خلاف ایف آئی آرز بھی درج کرائی گئیں۔ سخی محمد ڈپٹی ڈائریکٹر زراعت پیسٹ وارننگ اینڈ کوالٹی کنٹرول نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ سال 2019-20 میں راولپنڈی ڈویڑن میں 6 لاکھ 85 ہزار 483 روپے کی جعلی زرعی ادویات قبضے میں لی گئیں اور جعلی زرعی ادویات کا کاروبار کرنے والے 32 ڈیلروں کے خلاف ایف آئی آرز درج کرائی گئیں۔ ایڈیشنل سیکرٹری زراعت (ٹاسک فورس) پنجاب رانا علی ارشد نے دورہ کے دوران آئی ایس او (ISO) سرٹیفائیڈ لیبارٹری برائے تجزیہ مٹی و پانی راولپنڈی کا معائنہ کیا۔ معائنہ کے دوران ان کو لیبارٹری میں ہونے والے کام کے بارے میں بریفنگ دی گئی۔

مزید :

کامرس -