چین کا جوابی اقدام، جنوب مغربی شہر چینگ ڈو میں امریکی قونصل خانہ بند کرنے کا حکم

چین کا جوابی اقدام، جنوب مغربی شہر چینگ ڈو میں امریکی قونصل خانہ بند کرنے کا ...

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

بیجنگ (این این آئی)چین اور امریکا کے درمیان کشیدگی میں مزید اضافہ ہوگیا اور چین نے بھی امریکا کو قونصل خانہ بند کرنے کا حکم دے دیا۔چینی حکومت کی جانب سے ہانگ کانگ میں نئے سیکیورٹی قوانین کے نفاذ کے بعد چین کے برطانیہ اور امریکا کے ساتھ تعلقات میں کشیدگی پیدا ہوئی جس پر برطانوی حکومت نے چین کی فائیو جی ٹیکنالوجی ہٹانے کا اعلان کیا۔گزشتہ روز امریکی حکومت نے ہیوسٹن میں واقع چینی قونصل خانے کو 72 گھنٹوں میں خالی کرنے کا حکم دیا جس پراب چینی حکومت نے بھی جوابی اقدام اٹھایا ہے۔برطانوی نشریاتی ادارے کے مطابق چینی حکومت نے جنوب مغربی شہر چینگ ڈو میں واقع امریکی قونصل خانے کو بند کرنے کا حکم دیا ہے جس سے دونوں ممالک کے درمیان جاری کشیدگی میں مزید اضافہ ہوگا۔گزشتہ روز چین نے امریکی حکومت کے اقدام کی مذمت کرتے ہوئے اسے سیاسی اشتعال انگیزی قرار دیا تھا۔امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیو نے الزام لگایا تھا کہ چین نے امریکی مواد چوری کیا ہے جس کی وجہ سے قونصل خانہ خالی کرنے کا حکم دیا گیا۔امریکی حکومت کے اقدام پر چینی سفارتخانے کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا تھا کہ امریکا کے بلا ضرورت ایکشن پر قانونی اور ضروری رد عمل دیا جائے گا۔برطانوی میڈیا کے مطابق چینگ ڈو شہر میں واقع امریکی قونصل خانے کو 1985 میں قائم کیا گیا تھا جس میں 200 سے زائد عملہ موجود ہے جب کہ یہ قونصل خانہ تبت شہر کے قریب ہونے کی وجہ سے امریکا کے لیے اسٹریٹیجک اہمیت کا حامل ہے۔واضح رہے کہ کورونا وائرس کے آغاز سے امریکی صدر ٹرمپ نے چین پر وائرس بنانے کا الزام عائد کیا تھا جب کہ دونوں ممالک کے درمیان تجارت کو لے کر بھی تعلقات کشیدہ ہیں اور دونوں ممالک ایک دوسرے کی مصنوعات پر بھاری بھرکم ٹیکسز عائد کررہے ہیں۔
چین

مزید :

صفحہ اول -