حکومتی اقدامات ناکام، چینی 2پیسے کلو مزید مہنگی، چکی مالکان نے آٹا 70روپے کلو کر دیا عید کے بعد نان 20روپے کا ملے گا

  حکومتی اقدامات ناکام، چینی 2پیسے کلو مزید مہنگی، چکی مالکان نے آٹا 70روپے ...

  

لاہور (مانیٹرنگ ڈیسک) حکومتی اقدامات کے باوجود چینی کی قیمت کو پر لگ گئے۔ مسلسل چوتھے ہفتے بھی قیمت میں اڑھائی روپے کلو کا اضافہ ہوا۔ ایک ماہ کے دوران چینی مجموعی طور پر 7 روپے 26 پیسے فی کلو مہنگی ہوئی۔تفصیلات کے مطابق چینی کی قیمتوں میں مسلسل اضافہ جاری ہے،،ایک ہفتے میں چینی مزید 2 روپے 52 پیسے کلو مہنگی ہو گئی جس کے بعد نئی قیمت 87 روپے 84 پیسے فی کلو ہوگئی۔ادارہ شماریات کے مطابق ایک ماہ کے دوران چینی کی قیمت میں مجموعی طور پر 7 روپے 26 پیسے فی کلو اضافہ ہوا۔ گزشتہ ہفتے میں مہنگائی کی مجموعی شرح 0.21 فیصد بڑھی اور 17 اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں اضافہ ہوا۔آٹے کا 20 کلو تھیلا 34 روپے مہنگا ہوگیا جبکہ پیاز، چھوٹا گوشت اور چاول کی قیمتوں میں بھی ا ضافہ ہوا۔ادارہ شماریات کی رپورٹ میں مزیدکہا گیاہے کہ ایک ہفتے میں 11 اشیاء کی قیمتوں میں کمی ہوئی۔ برائلر مرغی 20 روپے فی کلو سستی ہوئی جبکہ لہسن، ٹماٹر، دالیں اور ایل پی جی بھی سستی ہوئی۔ایک ہفتے میں 23 اشیاء کی قیمتوں میں استحکام رہا۔ دوسری طرف چکی مالکان نے آٹے کی قیمت میں اضافہ کرکے فی کلو آٹے کی قیمت 70 روپے کردی۔ چکی اونرز ایسوسی ایشن نے آٹے کی قیمت میں اضافہ کرکے فی کلو آٹے کی قیمت 70 روپے کردی ہے، آٹے کی قیمت میں اضافے کا اطلاق جمعہ 24 جولائی سے ہو گیا۔ جنرل سیکرٹری چکی اونرز ایسوسی ایشن عبدالرحمان کا کہنا ہے کہ اوپن مارکیٹ میں گندم کی قیمت میں صرف ایک ہفتہ کی قلیل ترین مدت میں ہوشربا اضافہ ہوا، ایک ہفتے میں آٹے کی فی من قیمت 2100 روپے سے بڑھ کر 2300 روپے ہوگئی۔ جنرل سیکریٹری عبدالرحمان کا کہنا تھا کہ گزشتہ ڈیڑھ ماہ میں 1700 روپے سے بڑھ کر 2300 روپے فی 40 کلو یعنی 15 روپے فی کلو کے ساتھ ساتھ فائن آٹے کی 84 کلو کی بوری بھی 4500 روپے سے بڑھ کر 6500 روپے ہوگئی ہے، دریں اثنامتحدہ نان روٹی ایسوسی ایشن نے عید کے بعد نان کی قیمت 15 روپے سے بڑھا کر 20 روپے کرنے کا عندیہ دیدیا، عہدیداران کے مطابق فائن میدے کی قیمتوں میں اضافے کے بعد قیمتیں بڑھائیں گے۔ایسوسی ایشن کا کہنا ہے کہ عیدالفطر سے اب تک میدے فائن کی 84 کلو کی بوری کی قیمت میں 2000 روپے کا اضافہ ہو چکا ہے۔ محکمہ خوراک میدے فائن کی قیمت کو کم کروانے میں مکمل طور پر ناکام ہو چکا ہے۔ اگر میدے فائن کی پرانی قیمت 4400 روپے نہ کی گئی تو عید کے بعد نان 20 روپے کا کر دیا جائے گا۔

چینی آٹا، نان

مزید :

صفحہ اول -