ہمارے دکھ سکھ سانجھے ہیں، ترقی کے سفر میں بلوچستان کے ساتھ تعاون جاری رکھیں گے: عثمان بزدار

          ہمارے دکھ سکھ سانجھے ہیں، ترقی کے سفر میں بلوچستان کے ساتھ تعاون ...

  

اسلام آباد،لاہور(جنرل رپورٹر)وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدارسے پنجاب ہاؤس اسلام آباد میں چیئرمین سینٹ محمد صادق سنجرانی نے ملاقات کی، جس میں باہمی دلچسپی کے امور،سیاسی صورتحال اوردیگراہم معاملات پر تفصیلی بات چیت ہوئی۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے اپنے حالیہ دورہ بلوچستان کے بارے میں چیئرمین سینٹ صادق سنجرانی کو آگاہ کیا۔چیئرمین سینٹ صادق سنجرانی نے وزیراعلیٰ عثمان بزدار کو بلوچستان کے کامیاب دورے پر مبارکباد دی۔چیئرمین سینٹ نے بلوچستان کی تعمیر و ترقی کے منصوبوں کیلئے بھرپورتعاون پروزیراعلیٰ عثمان بزدار اورپنجاب حکومت کا شکریہ ادا کیا۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ دورہ بلوچستان میں جو محبت ملی،کبھی نہیں بھلا سکوں گا۔بلوچستان کے گورنر، وزیراعلیٰ،وزراء اور عمائدین سے ملاقاتیں انتہائی مفید رہیں۔پنجاب اور بلوچستان کے لوگ محبت کی لڑی میں پروئے ہیں۔بلوچستان کی ترقی پاکستان کی ترقی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ترقی کے سفر میں بلوچستان کے ساتھ ہر طرح کا تعاون جاری رکھیں گے۔ پنجاب حکومت نے تربت میں ہسپتال اورتفتان میں کمیونٹی سینٹر کے قیام کیلئے ایک ارب روپے کے فنڈز بلوچستان حکومت کو دیئے ہیں۔ہم سب کے دکھ سکھ سانجھے ہیں۔بلوچستان میں بسنے والے بہن بھائیوں کے مسائل ہمارے مسائل ہیں۔چیئرمین سینٹ صادق سنجرانی نے کہاکہ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے پنجاب اوربلوچستان کو محبت کی ایک ہی لڑی میں پرودیاہے۔بلوچستان کے لوگوں کے مسائل کے حل کیلئے وزیراعلیٰ عثمان بزدارکے اقدامات ہر لحاظ سے قابل تعریف ہے۔دریں اثناوزیر اعلیٰ عثمان بزدار نے لوکل گورنمنٹ کے زیرتکمیل منصوبوں کو جلدمکمل کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ فراہمی و نکاسی آب اور سولنگ کی 6 ہزار سے زائد سکیمیں 17 ارب روپے کی لاگت سے مکمل ہوں گی-انہوں نے کہا کہ لوکل گورنمنٹ کے مضبوط نظام سے عوام کے مسائل نچلی سطح پرحل ہوں گے۔پنجاب حکومت جلد بلدیاتی الیکشن کرانا چاہتی ہے۔پنجاب لوکل گورنمنٹ ایکٹ کے ذریعے عوام کونچلی سطح پر حقیقی نمائندگی میسر ہو گی-انہوں نے کہا کہ ویلج، پنچائت اور نیبر ہڈ ایکٹ سے مسائل عوام کی دہلیز پر حل ہوں گے- بلدیاتی اداروں کو مضبوط بنانے کے لئے مثالی سسٹم لائیں گے-وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار راولپنڈی میں اعلی سطح کے اجلاس سے خطاب کررہے تھے۔سیکرٹری لوکل گورنمنٹ نے ویڈیولنک کے ذریعے نئے بلدیاتی نظام کے اہم خدوخال کے بارے میں بریفنگ دی۔وزیراعلیٰ عثمان بزدارنے عوامی شکایات اورمسائل کے فوری ازالے کیلئے وزیراعلیٰ شکایت سیل کومزید موثر اور فعال کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہا کہ عوام کے مسائل کے فوری حل کو یقینی بنانے کیلئے شکایت سیل کی تشکیل نو کی جائے گی۔پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ کے تعاون سے کمپلینٹ مینجمنٹ سسٹم بنایا جائے گا اورشکایت سیل سے کو آرڈینیشن کیلئے پنجاب کے ہر محکمے میں فوکل افسر تعینات کیا جائے گا جبکہ ہر ضلع میں عوامی خدمت کے جذبے سے سرشار رضاکارانہ طور پر کام کرنیوالے فوکل پرسن بنائے جائینگے۔ شکایت سیل کی مانیٹرنگ کیلئے خصوصی بورڈ قائم کیا جائے گا۔خصو صی بورڈ شکایت سیل کی کارکردگی کا جائزہ لیکر کارروائی کرنے کا مجاز ہو گا۔انہوں نے کہا کہ عوام کے مسائل کو ان کی دہلیز پر فوری حل کرنا چاہتے ہیں -وزیر اعلیٰ عثمان بزدار نے پنجاب کے سرکاری اداروں سے منسلک اتھارٹیز کے بورڈ اور کمیٹیوں کیلئے ممبران کی نامزدگیاں جلد از جلد مکمل کرنے کا حکم دیا ہے۔وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ پنجاب میں اتھارٹیز کے بورڈ میں پروفیشنلز کو ممبر بنایا جائے- باصلاحیت اورتجربے کے حامل افراد کو بورڈ اور کمیٹیوں میں شامل کیا جائے - اتھارٹیز کے بورڈز اورکمیٹیوں کے ممبران کی میرٹ پر جلدنامزدگی کی جائے۔سردار عثمان بزدار نے استنبول کی تاریخی مسجد آیا صوفیہ میں 86سال بعد نماز جمعہ کی ادائیگی پرترکی کے صدر رجب طیب اردوان، ترک عوام اور امت مسلمہ کومبارکباددی ہے۔وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہا کہ مسجد آیاصوفیہ کے فرش کو 86 سال بعد سجدوں سے آباد کرنا بڑی سعادت کی بات ہے۔ ایمان کی پاکیزگی سے سرشارمسلمانوں نے مسجد آیا صوفیہ کے فرش کو گل و گلزارکیا۔اللہ اکبر کی صداؤں کی گونج سن کردل منورہوگیا ہے۔

وزیر اعلیٰ پنجاب

مزید :

صفحہ اول -