راولپنڈی، مخالفین کی گھرمیں گھس کر فائرنگ، خواتین، بچوں سمیت 9جاں بحق،4زخمی

  راولپنڈی، مخالفین کی گھرمیں گھس کر فائرنگ، خواتین، بچوں سمیت 9جاں ...

  

راولپنڈی (مانیٹرنگ ڈیسک،آن لائن)تھانہ چونترہ کے علاقے میال گاؤں میں دو گروپوں کے درمیان دیرینہ دشمنی پر فائرنگ سے5خواتین اور4بچے جان کی بازی ہار گئے جبکہ4بچے شدید زخمی ہو گئے جنہیں ہسپتال منتقل کر دیا گیا،وزیر اعلیٰ پنجاب نے واقعہ کا فوری نوٹس لیتے ہوئے سی پی او راولپنڈی سے فوری رپورٹ طلب کر لی ہے۔ابتدائی اطلاعات کے مطابق فائرنگ کا واقعہ اظہر، نذر،امتیاز اور رب نواز پر مشتمل 2 گروپوں کے درمیان پیش آیا وجہ تنازعہ چند روز قبل میال گاؤں میں ہی خاتون کا قتل اور دیرینہ دشمنی بتایا جاتا ہے۔رب نواز نامی شخص قتل اور اقدام قتل کا اشتہاری تھا جس نے اپنی خاتون کے قتل کا بدلہ لینے کیلئے عبوری ضمانت کروائی تھی اور گزشتہ رات مخالفین کے گھر میں گھس کر اندھا دھند فائرنگ کر دی جس سے خواتین میں سلیم اختر، نثار بی بی،ایمان فاطمہ،ازرم بی بی اور عابدہ شاہین جبکہ بچوں میں فرحان اظہر، صبیحہ خاتون،عنزلہ بی بی موقع پر دم توڑ گئیں جبکہ نور فاطمہ، عثمان اور ابراہیم پر مشتمل3بچے شدید زخمی ہو گئے۔ گھر کے اندر ایک جگہ پر6 بچیوں اور خواتین کی لاشیں ایک جگہ پر پڑی تھیں جبکہ 3بزرگ خواتین کی لاشیں گھر کے اندر الگ الگ موجود تھیں۔حملہ آوروں نے اس قدر اندھا دھند فائرنگ کی کہ خواتین اور بچوں کو سنبھلنے کا موقع ہی نہ ملا۔جاں بحق اور زخمی ہونے والوں کو فوری طور پر ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔ واقعہ کی اطلاع ملتے ہی سی پی او راولپنڈی،ایس ایس پی آپریشنز اور ایس پی صدر پولیس کی بھاری نفری اور ایلیٹ فورس کے ساتھ موقع پرپہنچ گئے جبکہ پولیس کی فرانزک ٹیم نے موقع سے شواہد اکٹھے کر لئے۔

راولپنڈی فائرنگ

مزید :

صفحہ اول -