عید پر مساجد او رامام بارگاہوں میں ماسک، گلوز کے بغیر داخلے پر پابندی

      عید پر مساجد او رامام بارگاہوں میں ماسک، گلوز کے بغیر داخلے پر پابندی

  

لاہور(لیاقت کھرل)عیدالاضحی پر مساجد اور امام بارگاہوں میں ماسک اور گلوز کے بغیر داخلے پر پابندی، 50 سال سے زائد اور 10 سال سے کم عمر بچوں، بیمار، نزلہ زکان اور کھانسی میں مبتلا افراد کے داخلے پر بھی پابندی عائد کر دی گئی ہے۔ محکمہ داخلہ پنجاب کی جانب سے جاری کردہ 20 نکاتی فارمولہ اور نوٹیفکیشن کے مطابق صوبائی دارالحکومت سمیت پنجاب بھر میں عیدالاضحی پر مساجد اور امام بارگاہوں کی سکیورٹی انتہائی سخت رہے گی۔ لاہور میں 480 مساجد اور امام بارگاہوں کو اے پلس اور 901 مساجد اور اما م بارگاہوں کو اے کیٹگری میں شامل کر لیا گیا ہے۔ نوٹیفکیشن کے مطابق مساجد اور امام بارگاہوں میں سماجی فاصلہ برقرار رکھا جائے گا۔ کھلے مقامات پر نماز ادا کی جائے گی۔ نماز عید کا دورانیہ 30 منٹ ہو گا جس میں خطبہ اور دْعا بھی شامل ہو گی۔ نماز سے پہلے اور بعد میں لوگ اکٹھے نہیں ہوں گے۔ عید کی نماز کارپٹ اور دریوں کے بغیر صاف فرش پر ادا کی جائے گی۔ نماز سے قبل مسجد اور امام بارگاہ کے فرش کو کلورین ملے پانی سے دھویا جائے گا۔ صف بندی کا انتظام اس طرح کیا جائے کہ نمازیوں کے درمیان 6 فٹ کا فاصلہ رہے۔ مساجد انتظامیہ اس بات کو یقینی بنائے کہ مساجد کے داخلی دروازے پر سیٹائزر موجود ہو اور تمام نمازی ماسک اور دستانے پہن کر مساجد میں آئیں گے

محکمہ داخلہ پنجاب

مزید :

صفحہ اول -