ذخیرہ اندوزی کیس، آئل کمپنیوں کے سی ای اوز کار تفتیش میں شامل ہونے سے انکار

          ذخیرہ اندوزی کیس، آئل کمپنیوں کے سی ای اوز کار تفتیش میں شامل ہونے سے ...

  

کراچی (آئی این پی) کراچی میں پیٹرول بحران کی تفتیش کے سلسلے میں پٹرولیم کمپنیوں کے نامزد سی ای اوز نے تفتیش میں شامل ہونے سے انکار کر دیا۔ کراچی کی مقامی عدالت میں پٹرول کی قلت، ذخیرہ اندوزی اور بلیک مارکیٹنگ کیس کی سماعت ہوئی جس میں جیکسن تھانے کی پولیس نے پیش رفت رپورٹ عدالت میں جمع کروائی۔ پولیس نے بتایا کہ ڈی جی آئل کے احکامات پر رکن فیول پرائس کمیٹی پیٹرولیم ڈویژن کی مدعیت میں مقدمہ درج کیا گیا جس میں سی ای او نجی پٹرولیم کمپنی اور سی ای او گیس اینڈ آئل پاکستان شامل ہیں۔ پٹرولیم کمپنیوں کے نامزد سی ای اوز نے تفتیش میں شامل ہونے سے انکار کردیا ہے اوردونوں ملزمان نے عدالت سے ضمانت قبل از گرفتاری حاصل کر رکھی ہے۔ عدالت نے استفسار کیا کہ پٹرول کی ذخیرہ اندوزی کی تحقیقات مکمل کیوں نہیں کی جاسکی؟ اس پر تفتیشی افسر نے جواب دیا کہ کمپنیوں کے نامزد ملزمان عبوری ضمانت کے بعد شامل تفتیش نہیں ہوئے۔ بعدازاں تفتیشی افسر نے عدالت سے تفتیش مکمل کرنے کے لیے مزید وقت دینے کی درخواست کی جس پر عدالت نے تحقیقات مکمل کرنے کے لیے چار روز کی مہلت دے دی۔ عدالت نے متعلقہ حکام کوپٹرول بحران سے متعلق کیس تحقیقات مکمل کرکے چالان جمع کروانے کا حکم دے دیا۔

ذخیرہ اندوزی کیس

مزید :

صفحہ اول -