سندھ میں گندم کا بحران نہیں،وفاق نے مصنوعی پیدا کیا، وزیر زراعت

  سندھ میں گندم کا بحران نہیں،وفاق نے مصنوعی پیدا کیا، وزیر زراعت

  

کراچی(آئی این پی) وزیر زراعت سندھ اسماعیل راہو نے صوبے میں گندم بحران کی خبروں کو مسترد کر تے ہوئے کہا ہے کہ صوبے میں گندم کی کوئی قلت نہیں اور گندم کی قلت پنجاب میں بھی نہیں ہے، وفاق نے جان بوجھ کر مصنوعی بحران پیدا کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ رواں سال ملک میں 2 کروڑ 60 لاکھ ٹن گندم پیدا ہوئی ہے جب کہ پاکستان کی ماہوار کھپت 21 لاکھ ٹن ہے۔ وزیر زراعت کا کہنا تھا کہ ابھی فصل اترے 2 ماہ ہوئے ہیں اور پنجاب، کے پی میں گندم ختم ہوگئی، سندھ میں فلورملز کے پاس بھی گندم کا اسٹاک موجود ہے۔ اسماعیل راہو نے مزید کہا کہ پاسکو اور صوبائی حکومتوں کے پاس 68 لاکھ ٹن گندم موجود ہے، اس وقت ایک کروڑ ٹن سے زائد گندم پرائیویٹ سیکٹر کے پاس ہونی چاہیے۔ ان کا کہنا تھا کہ پنجاب میں نرخ زیادہ ہونے کی وجہ سے سندھ کی گندم پنجاب جا رہی ہے۔

وزیر زراعت

مزید :

صفحہ آخر -