طبی سہولیات کی فراہمی میں کوئی دقیقہ فروگذاشت نہیں کیاجائیگا، ڈاکٹر ثانیہ
اسلام آباد(آئی این پی)وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے غربت کے خاتمے ومعاشرتی تحفظ ڈویژن ڈاکٹر ثانیہ نشتر نے ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹرز ہسپتال ڈوگرہ قبائلی ضلع خیبر میں قائم احساس نشوونما سنٹر کا دورہ کیا انہوں نے احساس سنٹر میں موجود کاؤنٹر ز کا تفصیلی جائزہ لیا گائنی وارڈ،او پی ڈی، ایمرجنسی سنٹر سمیت مختلف شعبوں کا بھی دورہ کیا اس موقع پر ایم پی اے شفیق آفریدی، ڈپٹی کمشنر ڈسٹرکٹ خیبر محمود اسلم وزیر بھی موجود تھے۔ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے وزیراعظم کی معاون خصوصی نے کہاکہ احساس کفالت پروگرام عالمی ادارہ خوراک اور صوبائی محکمہ صحت نے باہمی اشتراک سے دو سال تک کے عمر کے بچوں حاملہ خواتین اور دودھ پلانے والی ماؤں میں عذائی کمی سے بچاؤ کے لئے ایک پروگرام احساس نشوونما ترتیب دیا ہے۔انہوں نے کہاکہ میرے آنے کا مقصد احساس نشوونما سنٹر کا اختتامی جائزہ لینا تھا کیونکہ جلد ہی اس کا افتتاح ہو گا انہوں نے کہا کہ فیلڈ میں آنے سے پتہ چلتا ہے کہ کیا مسائل ہیں اور ان کو کیسے حل کیا جا سکتا ہے،طبی سہولیات کی فراہمی میں کوئی دقیقہ فروگذاشت نہیں کیاجائیگا انہوں نے کہاکہ وزیراعظم عمران خان کے ویژن کے مطابق عوام کوان کے بنیادی سہولیات دہلیزپرپہنچانے کیلئے تمام وسائل وموثرپیمانے بروئے کارلائے جائیں گے۔
ڈاکٹر ثانیہ