الخدمت رضاکار مخلوق خدا کی خدمت میں مصروف ہیں،حافظ عبدالر حمن

  الخدمت رضاکار مخلوق خدا کی خدمت میں مصروف ہیں،حافظ عبدالر حمن

  

لاہور(نمائندہ خصوصی)جماعت اسلامی یوتھ کے رہنما حافظ عبدالرحمان نے کہا ہے کہ محدود وسائل کے باوجود جماعت اسلامی،جے آئی یوتھ اور الخدمت فاؤنڈیشن کے رضا کار اللہ کی رضا کیلئے اس کی مخلوق کی خدمت کررہے ہیں ان خیالات کا اظہار انہوں نے شاد باغ میں فری اینٹی باڈی ٹیسٹ کیمپ کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ فری کیمپ کا افتتاح امیر جماعت اسلامی لاہور میاں ذکراللہ مجاہد، جے آئی یوتھ لاہور کے صدر صہیب شریف، الخدمت فاؤنڈیشن لاہور کے صدر عبدالعزیز عابد، شمالی لاہور کے امیر چوہدری محمد شوکت و دیگر نے کیا۔ اس موقع پر سینکڑوں افراد کے فری اینٹی باڈی ٹیسٹ کیئے گئے۔

حافظ عبدالرحمان نے خدمت خلق کے کاموں کی تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ یہ وہ کام ہیں جو حکومت کی ذمہ داری ہے جس کی ادائیگی میں سابقہ ادوارکی تمام حکومتیں ناکام ہو چکی ہے کیونکہ اس کیلئے دل میں خوف خدا اور خدمت کا جذبہ ہونا اشد ضروری ہے۔ان کا کہنا تھا کہ جماعت اسلامی، جے آئی یوتھ اور الخدمت فاؤنڈیشن کے رضا کر مل کر ہسپتال، ڈسپینسریاں، سکول،واٹر فلٹریشن پلانٹ،فری میڈیکل کیمپ، یتیموں کی کفالت،فوڈ بینک کے ذریعے بہت ہی کم پیسوں میں بیواؤں اور یتیموں کو اشیاء ضروریہ فراہم کرتے ہیں۔اس کے علاوہ ہمارے رضا کار قدرتی آفات کے دنوں میں بھی عوام کو مفت راشن،پکا پکایاکھانا پہنچانے کیلئے دن رات کوشاں رہتے ہیں۔ایمبولینس سروسز کا وسیع نیٹ ورک ضرورت مندوں کی مدد کیلئے ہردم موجود ہے۔ معذور افراد کیلئے ویل چیئرز، یتیم بچوں کی کفالت کے پروگرام،غریب قیدیوں کے جرمانے ادا کرکے ان کو آزاد کروانے، بے روز گارافراد کو کاروبار کے لئے بلا سود قرضے دے کر روزگار کی فراہمی، سلائی کڑھائی سینٹرز میں خواتین کو ہنر سکھانے کے ساتھ ساتھ ان کو خود کفیل بنانے کیلئے سلائی مشینیں فری دی جاتی ہیں۔ یتیم بچیوں کی شادیوں کے لئے جہیز پیکج دیاجاتا ہے۔ الخدمت سستا تندور پروگرام کے ذریعے غریب اور دیہاڑی دار مزدوروں اور سفیدپوش طبقہ کی عزت نفس مجروح کیئے بغیرمعمولی پیسوں میں تین وقت کا کھانا فراہم کیا جاتاہے۔ اگر لوگ جماعت اسلامی کو اقتدار میں لائیں گے توجماعت اسلامی ان کے ووٹ کی امانت کا صحیح معنوں میں حق ادا کرے گی اور پاکستان کو اسلامی فلاحی ریاست بنائے گی۔

مزید :

میٹروپولیٹن 1 -