کامیابی کے لئے ٹیکنالوجی پر عبور حاصل کرنا ہو گا،پروفیسر طلعت نصیر

کامیابی کے لئے ٹیکنالوجی پر عبور حاصل کرنا ہو گا،پروفیسر طلعت نصیر

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

 
لاہور(لیڈی رپورٹر) یونیورسٹی آف ایجوکیشن کے زیراہتمام ”مادہ میں ترقی“ کے موضوع پردو روزہ عالمی کانفرنس گزشتہ روز اختتام پذیر ہو گئی، مذکورہ کانفرنس میں امریکا، آسٹریلیا، جرمنی، چین اور ملائیشیا سمیت9 ممالک سے تعلق رکھنے والے ممتازمحققین و سائنسدانوں نے آن لائن شرکت کی۔ کانفرنس کے دوران 35 سے زائد پرمغز مقالہ جات پیش کئے گئے، جن میں مادہ میں تحقیق و ترقی کے حوالے سے سیرحاصل گفتگو کی گئی۔اختتامی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے یونیورسٹی آف ایجوکیشن کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر طلعت نصیر پاشا (ستارہ امتیاز) نے کہا کہ اس کانفرنس کے انعقاد کا مقصد سائنس و ٹیکنالوجی کی ترقی ہے کیوں کہ موجودہ دور میں وہی اقوام کامیاب ہو سکتی ہیں جو سائنس و ٹیکنالوجی پر دسترس رکھتی ہوں۔


انہوں نے کہا کہ پاکستان جیسے ترقی پذیر ممالک کو خاص طور پر اس ضمن میں بھرپور کردار ادا کرنا چاہیے تا کہ وطن عزیز کی معاشی حالت بہتر ہو سکے۔ پروفیسر ڈاکٹر طلعت نصیر پاشا نے اس امید کا اظہار کیا کہ کرونا وباء سے نجات حاصل کرنے کے بعد یونیورسٹی آف ایجوکیشن باقاعدہ بڑے پیمانے پر ایک عالمی کانفرنس منعقد کرائے گی۔اعلی تعلیم کے صوبائی وزیر راجہ یاسر ہمایوں نے کانفرنس کے انعقاد پر اپنے ایک ٹوئٹر پیغام کے ذریعے یونیورسٹی آف ایجوکیشن کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر طلعت نصیر پاشا کو مبارک باد دیتے ہوئے کہا کہ کرونا وبا کے باوجود یونیورسٹی آف ایجوکیشن کی طرف سے اس قسم کی کامیاب عالمی کانفرنس کا آن لائن اہتمام کرنا اس بات کی دلیل ہے کہ ہماری جامعات تحقیق کی اہمیت کو بخوبی سمجھتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس قسم کی کانفرنسز کے انعقاد کے ذریعے اہل علم باہم بیٹھ کر مختلف تعلیمی و تحقیقی مسائل کو حل کرنے کے لئے لائحہ عمل تربیت دیتے ہیں۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ ہمیں امید ہے کہ پروفیسر ڈاکٹر طلعت نصیر پاشا کی مدبرانہ قیادت میں یونیورسٹی آف ایجوکیشن ترقی و تحقیق کا سفر جاری رکھے گی۔ کانفرنس کے پیٹرن ان چیف پروفیسر ڈاکٹر عالم سعید نے کانفرنس کے کامیاب انعقاد پر اپنے پیغام میں کہا کہ اس کانفرنس میں دنیا بھر سے ہزاروں اساتذہ، محقیقن اور سائنسدانوں نے آن لائن شرکت کی، جس پر ہم ان کے ممنون ہیں۔