ترقیاتی کاموں کی بروقت تکمیل ہر صورت یقینی بنائی جائے گی،وزیرذادہ

ترقیاتی کاموں کی بروقت تکمیل ہر صورت یقینی بنائی جائے گی،وزیرذادہ

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


پشاور(سٹاف رپورٹر) وزیراعلی خیبر پختونخوا کے معاون خصوصی برائے اقلیتی امور وزیر ذادہ نے کہا ہے کہ موجودہ صوبائی حکومت صوبے میں اقلیتی برادری کی ترقی اور خوشحالی کے لئے ٹھوس اقدامات کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان کا وعدہ ہے کہ اقلیتی کمیونٹی کی زندگیوں میں مثبت تبدیلی لانے کے لئے تمام تر ممکن وسائل بروئے کار لائینگے۔ معاون خصوصی برائے اقلیتی امور وزیرذادہ نے کہا کہ تعلیم کے شعبے میں اقلیتی برادری کے لئے دو فیصد کوٹہ مختص کرنے پر عمل درآمد جاری ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کے روز اپنے دفتر میں اقلیتی برادری پشاور کے سابقہ ڈسٹرکٹ ممبران کے ایک نمائندہ وفد سے ملاقات کے دوران کیا ہے۔ وفد میں پشاور کے سابقہ ڈسٹرکٹ ممبران و سابقہ کونسلرز وقاص کھوکھر، امین عنایت، آ صف یوسف، راحت نظیر شکیل انجم اور ایڈون عنایت و دیگر شامل تھے۔ معاون خصوصی نے وفد کو یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ اقلیتی برادری کے جتنے بھی حل طلب مسائل ہیں صوبائی حکومت ان کے حل کے لیے ترجیحی بنیادوں پر اقدامات اٹھائے گی۔ وزیر زادہ نے کہا کہ اقلیتی برادری کے لیے صوبے کے تمام ڈویڑنز میں ہاؤسنگ سکیمز اور اپنا روزگار سکیمز شروع کرنے جارہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پہلی فرصت میں صوبے کے چار ڈویژنز جن میں مردان، کوہاٹ، ہزارہ اور پشاور ڈویڑن شامل ہیں میں اقلیتی کمیونٹی کے لئے ہاؤسنگ سکیم کا اجراہ کرنے جارہے ہیں جس سے ان ڈویژنز کے اقلیتی برادری بھرپور استفادہ کر سکیں گے۔ اس کے علاؤہ صوبے بشمول ضم شدہ قبائلی اضلاع میں بھی اقلیتی برادری کے لیے اپنا روزگار سکیم کا اجراء کر رہے ہیں، اس ضمن میں بندوبستی اضلاع کے لئے پانچ کروڑ جبکہ ضم شدہ قبائلی اضلاع کے لئے 10 کروڑ روپے مختص کئے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اپنا روزگار سکیم سے اقلیتی برادری کے نوجوانوں کے ساتھ ساتھ خواتین بھی بھرپور مستفید ہونگی اور ان کو باعزت روزگار کرنے کے مواقع میسر آئینگے۔ وزیر زادہ نے مزید کہا کہ اس ملک کی ترقی اور خوشحالی میں اقلیتی برادری کا بڑا کردار رہا ہے، ہم نے اقلیتی کمیونٹی کے ساتھ سماجی ہم آہنگی مزید آگے بڑھانی ہیں اور ان کے تمام تر مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اقلیتی امور کے سالانہ ترقیاتی سکیموں کے حوالے سے تمام پی سی ون کی منظوری اسی سال ستمبر تک یقینی بنائی جائیگی۔ ان کا کہنا تھا کہ اقلیتوں کی مالی معاونت اور انکی فلاح وبہبود ہمارے منشور کا حصہ ہے یہی وجہ ہے کہ گزشتہ مالی سال میں محکمہ نے اپنے سالانہ ترقیاتی بجٹ کا 86فیصد خرچ کیا ہے۔ معاون خصوصی وزیرزادہ نے کہا کہ وزیراعلی محمود خان اقلیتی برادری کے مسائل کے حل اور انکی فلاح وبہبود کے لئے انتہائی سنجیدہ ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ترقیاتی کاموں کی بروقت تکمیل اور کام کے معیار پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائیگا۔ میرٹ اور معیار کو یقینی بنانا اور عوام کی خدمت ہماری اولین ترجیحات ہیں۔ انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کی حکومت شروع دن سے ہی کرپشن کے خاتمے اور اور میرٹ کی بالادستی کے لیے کام کر رہی ہے۔ وزیرذاد نے کہا کہ ترقیاتی کاموں کی بروقت تکمیل اور شفافیت پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائیگا۔وفد نے شیخوپورہ ٹرین حادثے میں مرنے والے پشاور کے سکھ برادری کے لواحقین کے لئے صوبائی حکومت سے فی کس پانچ پانچ لاکھ روپے منظور کرانے پر معاون خصوصی اورصوبائی حکومت کا شکریہ ادا کیا۔ اس موقع پر معاون حصوصی نے پشاور میں مسیحی برادری کے ندیم جوزف کے قتل پر افسوس کا ظہار کیا اور وفد کو تمام تر قانونی معاونت اور انصاف دلانے کی یقین دہانی بھی کرائی ہے۔ دریں اثناء وفد نے اقلیتی برادری کی ترقی اور خوشحالی کے لئے معاون خصوصی کی مخلصانہ کاوشوں پر ان کو خراج تحسین بھی پیش کیا۔