کوہاٹ،شکردرہ اور رحمان آباد میں زیر تعمیر آبنوشی منصوبوں کا معائنہ
کوہاٹ (بیورورپورٹ)وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کے معاون خصوصی کو پراجیکٹ کے متعلق محکمے کے ضلعی افسران نے تفصیلی بریفنگ دی بریفنگ میں بتایا گیا کہ یہ سکیم تقریباً 1548 ملین روپے کی لاگت سے مکمل ہوگی جو تقریباً تکمیل کے آخری مراحل میں ہے۔ بریفنگ دیتے ہوئے معاون خصوصی نے کہا کہ یہ سکیم خیبرپختونخوا کی بڑی سکیموں میں سے تیسری بڑی سکیم ہے جو دو حصوں شکردرہ اور رحمان آباد پر مشتمل ہے۔معاون خصوصی کو مزید بتایا گیا کہ رحمان آباد حصے پرتعمیری کام مکمل ہو چکا ہے اور صرف تقسیمی کام کرنا باقی ہے جس پر معاون خصوصی نے متعلقہ حکام کو ہدایات دیتے ہوئے کہا کہ اگلے اکتوبر تک مقامی عوام کو پینے کے صاف پانی کی فراہمی کوشروع کیا جائے اورشکردرہ والے حصے پر بلا تعطیل تعمیر جاری رکھیں اور مقررہ مدت میں تکمیل کو یقینی بنائیں۔ ریاض خان نے افسران سے کہا کہ غیر معیاری مواد کے استعمال اور سکیم کی تکمیل میں بلاوجہ تاخیر کسی صورت برداشت نہیں ہوگی اور اس کے ذمہ دار لوگوں کے خلاف کاروائی کی جائے گی۔ معاون خصوصی نے علاقے کے عمائدین سے کہا کہ وہ خود بھی منصوبے کی نگرانی کریں اور غیر معیاری میٹیریل کے استعمال سے بروقت آگاہ کریں۔معاون خصوصی نے شکردرہ اور رحمان آباد کے علاقے کیلئے ایس ڈی او اور ایکسین کی منظوری کا بھی اعلان کیا۔ اس موقع پر ریاض خان نے تمام افسران کو آگاہ کیا کہ پاکستان تحریک انصاف کی حکومت کی کرپشن کے حوالے سے زیرو ٹالرنس کی پالیسی ہے اور وزیراعظم عمران خان کا یہ واضح پیغام ہے کہ عوام کا پیسہ عوام کی ترقی پر خرچ کرنا ہے۔ معاون خصوصی نے کہاکہ جس افسر کو بھی کرپشن اور عوام کو خدمات کی فراہمی میں غفلت کا مرتکب پایا گیا اسکے ساتھ کوئی رعایت نہیں کی جائیگی۔ معاون خصوصی نے مزید کہا کہ عوام کی خدمات دل کھول کر کریں تاکہ آبنوشی کا محکمہ پورے صوبے میں مثالی محکمہ بنے۔ دورے کے موقع پر سابقہ صوبائی وزیر قانون امتیاز شاھد قریشی، سیکرٹری محکمہ آبنوشی انجینئربہرہ مند خان اور دیگر متعلقہ حکام بھی موجود تھے۔