پاکستان ہاؤسنگ سکیم سوڑیزئی کیلئے سروے پیرسے شروع کیا جائیگا: ڈاکٹر امجد علی

پاکستان ہاؤسنگ سکیم سوڑیزئی کیلئے سروے پیرسے شروع کیا جائیگا: ڈاکٹر امجد علی

  

پشاور(سٹاف رپورٹر)وزیر ہاوسنگ خیبرپختونخوا ڈاکٹر امجد علی نے کہا ہے کہ پاکستان ہاوسنگ سکیم سوڑیزئی کے لئے سروے کا عمل پیر کے روز سے شروع کردیا جائیگا، تقریبا 98 ارب روپے کا یہ پراجیکٹ صوبے کا سب سے بڑا منصوبہ ہے جسے پاکستان ہاوسنگ فاونڈیشن کے اشتراک سے مکمل کیا جائیگا۔ پراجیکٹ کے تحت 8ہزار تین سو کنال اراضی پر تقریباً 15 ہزار گھروں کی تعمیرمکمل کی جائیگی، پراجیکٹ کے لئے باونڈری وال، سڑک اور اراضی کا حصول صوبائی حکومت کی ذمہ داری ہے۔ وزیر ہاوسنگ نے ان خیالات کا اظہار سوڑیزئی بالا، اضاخیل، ٹیلہ بند، اورگڑھی چندن کے وفد سے ملاقات کے دوران کیا۔ ملاقات میں سیکرٹری ہاوسنگ داؤد خان، ڈائریکٹر جنرل عمران وزیر، کلیکٹر حامد گیگیانی اور اسسٹنٹ کمشنر پشاور سہیل بٹ نے شرکت کی۔ وفد سے خطاب کرتے ہوئے وزیر ہاوسنگ کا کہنا تھا کہ سکیم کے لئے مختص موجودہ اراضی 2013 میں حاصل کی گئی تھی، تاہم اگر اراضی کے حوالے سے کسی کے تحفظات موجود ہوں تو وہ عدالت کا رخ کرسکتے ہیں، انہوں نے وفد کے ارکان سے اپنے مسائل باہمی طور پر حل کرنے پر زور دیا، اور کہا کہ ملک میں کوئی بھی اراضی حکومت پاکستان کی ملکیت ہوتی ہے، جبکہ شہری عارضی ملکیت کے حامل ہوتے ہیں۔ ڈاکٹر امجد علی نے وفد سے درخواست کی کہ وہ سروے کے عمل میں خلل پیدا کرنے سے گریز کریں، سروے مکمل ہونے کے بعد عدالتی احکامات پر جس کا جو حق بنتا ہے اسے فراہم کیا جائیگا۔

مزید :

پشاورصفحہ آخر -