آرمی چیف جنرل قمرباجوہ کا سعودی ولی عہد کو ٹیلی فون، کیا بات چیت ہوئی؟
ریاض(ڈٰیلی پاکستان آن لائن)سعودی فرمانروا شاہ سلمان کی علالت کے سلسلے میں پاکستان کے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے سعودی ولی عہد کو فون کیا ہے۔
سعودی پریس ایجنسی(ایس پی اے) کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے ولی عہد محمد بن سلمان کو فون کر کے شاہ سلمان بن عبدالعزیز کی خیریت دریافت کی۔
آرمی چیف نے فون پر سعودی فرماں روا کی صحت یابی کے لیے دعاؤں بھرا خصوصی پیغام دیا، شہزادہ محمد بن سلمان نے جنرل قمر جاوید باجوہ کے دلی جذبات پر شکریہ ادا کیا۔
چند دن قبل وزیر اعظم عمران خان نے سعودی فرماں روا شاہ سلمان بن عبدالعزیز کی طبیعت کی ناسازی پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے ان کی جلد صحت یابی کے لیے دعا کی تھی۔
سعودی عرب کے بادشاہ شاہ سلمان کو 20 جولائی کو طبیعت کی ناسازی کے باعث ریاض کے ہسپتال منتقل کیا گیا تھا، 84 سالہ شاہ سلمان کو پتے کی تکلیف تھی ۔
سعودی خبر رساں ادارے ’سعودی گزٹ‘ کے مطابق سعودی عرب کے خادم الحرمین شریفین کا پتے کا کامیاب آپریشن صوبے ریاض کے کنگ فیصل سپیشلسٹ ہسپتال میں ہوا۔خبر رساں ادارے کے مطابق کامیاب آپریشن کے بعد ڈاکٹرز کی ہدایت پر عمل کرتے ہوئے شاہ سلمان مزید کچھ وقت ہسپتال میں گزاریں گے۔
ڈاکٹرز کے مطابق شاہ سلمان چند دن اور اسپتال میں داخل رہیں گے، شاہ سلمان بن عبدالعزیز 2015 سے سعودی عرب کے بادشاہ ہیں، بادشاہت ملنے سے قبل تقریباً ڈھائی سال وہ سعودی عرب کے ولی عہد بھی رہے جب کہ انھوں نے 50 سال ریاض کے گورنر کے فرائض بھی سرانجام دیے۔