وہ ایئرلائن جس نے مسافروں کے طبی اور قرنطینہ اخراجات اٹھانے کا اعلان کردیا

وہ ایئرلائن جس نے مسافروں کے طبی اور قرنطینہ اخراجات اٹھانے کا اعلان کردیا
وہ ایئرلائن جس نے مسافروں کے طبی اور قرنطینہ اخراجات اٹھانے کا اعلان کردیا

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

دبئی (ویب ڈیسک) امارات ایئرلائن نے مسافروں کا کورونا وائرس کا طبی خرچہ اٹھانے (مفت گلوبل کور) کی پیشکش کی ہے اور کہا ہے کہ ایئرلائن، صارفین کے سفر کی کلاس اور منزل سے قطع نظر ان کے علاج اور قرنطینہ کے اخراجات اٹھائے گی۔اس گلوبل کور کا اطلاق فوری طور پر کیا گیا ہے جو امارات ایئرلائن میں سفر کرنے والے مسافروں کے لیے 31 اکتوبر 2020 (31 اکتوبر یا اس سے قبل پہنچنے والی پرواز) تک موثر ہے۔
خیال رہے کہ یہ پیشکش مسافروں کے اپنی منزل کی جانب پہلی پرواز سے لے کر اگلے 31روز تک برقرار رہے گی۔امارات ایئرلائن نے گزشتہ روز ایک پریس ریلیز میں کہا تھا کہ وہ کورونا وائرس سے متعلق اخراجات کے لیے مفت عالمی کور کی پیشکش کرنے والی دنیا کی پہلی ایئر لائن ہے۔
ڈان نیوز کے مطابق پریس ریلیز میں کہا گیا کہ امارات ایئرلائن کے صارفین اعتماد کے ساتھ سفر کرسکتے ہیں کیونکہ اگر سفر کے جب وہ گھر سے دور ہوں اور ان میں کورونا وائرس کی تشخیص ہوگئی تو ایئرلائن 14 ہزار یورو تک کے طبی اخراجات برداشت کرے گی اور 14 روزہ قرنطینہ کے لیے یومیہ 100 یورو ادا کرے گی۔
امارات گروپ کے چیئرمین اور چیف ایگزیکٹو شیخ احمد بن سعید المکتوم نے کہا کہ متحدہ عرب امارات کے نائب صدر اور دبئی کے وزیر اعظم اور حکمران شیخ محمد کی ہدایت پر امارات کو بین الاقوامی سفر کے لیے اعتماد بڑھانے کی قیادت کرنے پر فخر ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہم جانتے ہیں کہ دی بھر کی سرحدیں بتدریج کھلنے کے بعد لوگ فضائی سفر کی دِلی خواہش رکھتے ہیں لیکن وہ لچک اور یقین دہانی کے خواہاں ہیں کہ کہیں ان کے سفر کے دوران کوئی غیر متوقع واقعہ پیش نہ آجائے۔ امارات گروپ کے چیئرمین نے مزید کہا کہ امارات نے انفیکشن کا خطرہ کم کرنے کے لیے صارف کے سفر کے ہر قدم پر اقدامات کے لیے سخت محنت کی ہے اور ہم نے لچک پیش کرنے کے لیے اپنی بکنگ پالیسیز کو بھی بہتر بنایا ہے۔
انہوں نے کہا کہ اب ہم اسے اگلی سطح تک لے جارہے ہیں اور یہ کورونا وائرس کے طبی اور قرنطینہ اخراجات کے لیے اپنے صارفین کو مفت گلوبل کور فراہم کرنے والی پہلی ایئرلائن ہے۔بیان میں مزید کہا گیا کہ یہ ہماری جانب سے ایک سرمایہ کاری لیکن ہم اپنے صارفین کو ترجیح دے رہے ہیں اور ہمارا ماننا ہے کہ وہ اس اقدام کا خیرمقدم کریں گے۔امارات کی جانب سے کورونا وائرس سے متعلق طبی اور قرنطینہ اخراجات کےلیے یہ گلوبل کور سفر یا منزل سے قطع نظر صارفین کو مفت پیش کیا جارہا ہے۔
اس گلوبل کور کا اطلاق فوری طور پر کیا گیا ہے جو امارات ایئرلائن میں سفر کرنے والے مسافروں کے لیے 31 اکتوبر 2020 (31 اکتوبر یا اس سے قبل پہنچنے والی پرواز تک)تک مو¿ثر ہے جو مسافروں کی جانب سے اپنی منزل کی طرف پہلی پرواز سے لے کر اگلے 31روز تک برقرار ہوگی۔
اس کا مطلب ہے کہ امارات کے صارفین اس گلوبل کور کی اضافی یقین دہانی سے فائدہ اٹھا سکتے ہیں، چاہے وہ اپنی امارات ایئرلائن کی منزل پر پہنچنے کے بعد کسی دوسرے شہر کا سفر کریں۔ سفر کرنے سے پہلے صارفین کو کوئی فارم بھرنے یا اندراج کی ضرورت نہیں ہے اور ان پر امارات کی جانب سے فراہم کردہ اس سہولت کا استعمال لازمی نہیں۔
کوئی بھی متاثرہ صارف جس میں سفر کے دوران کورونا وائرس کی تشخیص ہو، انہیں معاونت اور گلوبل کور سے مستفید ہونے کے لیے صرف متعلقہ ہاٹ لائن سے رابطے کرنا ہوگا۔کورونا وائرس سے متعلق اخراجات کی تفصیلات اور ہاٹ لائن نمبر www.emirates.com/COVID19assistance پر موجود ہیں۔
خیال رہے کہ امارات ایئرلائنز نے ہر قدم پر صارفین اور ملازمین کی حفاظت یقینی بنانے کے لیے جامع اقدامات پر عملدرآمد کیا ہے جس میں صارفین کو ماسکس،دستانوں،سینیٹائزر اور اینٹی بیکٹیریل وائپس پر مشتمل کٹس کی فراہمی شامل ہے۔
علاوہ ازیں امارت ایئرلائنز کی جانب سے ان اقدامات اور ہر پرواز میں دستیاب خدمات سے متعلق تفصیلات یہاں www.emirates.com/yoursafety سے معلوم کی جاسکتی ہیں۔
قبل ازیں عارضی معطلی کے بعد امارات ایئرلائن نے پاکستان کے 4 شہروں کراچی، لاہور، اسلام آباد اور سیالکوٹ سے مسافر خدمات بحال کی تھیں لیکن مسافروں کے لیے مخصوص لیبارٹری سے کورونا وائرس کے منفی ٹیسٹ کی رپورٹ کی شرط عائد کی تھی۔