پی ایس ایل سیزن فائیو پر ”فل سٹاپ“ لگنے کا قوی امکان پیدا ہو گیا، پاکستانیوں کیلئے افسوسناک خبر آ گئی

پی ایس ایل سیزن فائیو پر ”فل سٹاپ“ لگنے کا قوی امکان پیدا ہو گیا، پاکستانیوں ...
پی ایس ایل سیزن فائیو پر ”فل سٹاپ“ لگنے کا قوی امکان پیدا ہو گیا، پاکستانیوں کیلئے افسوسناک خبر آ گئی

  

لاہور (ڈیلی پاکستان آن لائن) پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) سیزن فائیو پر ”فل سٹاپ“ لگنے کا امکان بڑھ گیا ہے اور فرنچائزز کو بھی اس بات کا یقین ہو گیا ہے کہ بقیہ 4 میچز نہیں ہو سکیں گے لیکن پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے ستمبر میں حتمی فیصلہ کرنے کا اعلان کر رکھا ہے جس کی وجہ اگست میں بینک گارنٹی کا حصول ہے۔

تفصیلات کے مطابق رواں برس پہلی بار مکمل لیگ پاکستان میں شیڈول کی گئی مگر30میچز کے بعد ایونٹ کوکورونا وائرس کی وجہ سے روکنا پڑ گیا جس کے بعد آخری چند میچز خالی گراﺅنڈ پر بھی کھیلے گئے، گزشتہ دنوں پی سی بی نے فرنچائزز سے رائے طلب کی تھی کہ بقیہ میچز کرائے جائیں یا پانچویں ایڈیشن کو یہیں ختم کر دیں اور اس کیساتھ ہی یہ بھی واضح کر دیا گیا تھا کہ 4میچز سے بہت کم آمدنی ہو گی۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ ایونٹ کا اختتام تقریباً یقینی ہے کیونکہ بورڈ نے 17 سے 20 نومبر یا دسمبر کے اوائل کی 2 ممکنہ ونڈوز بتائی تھیں مگر اس دوران غیرملکی کرکٹرز کی دستیابی اور پاکستان میں کورونا کا خاتمہ یقینی نہیں ہے، پی سی بی تو تربیتی کیمپ کیلئے بھی بائیو سیکیور ماحول تشکیل نہیں دے سکا تھا۔

چیئرمین احسان مانی فرنچائزز سے گزشتہ میٹنگ میں واضح کر چکے کہ یو اے ای میں مقابلے نہیں کرائے جائیں گے،براڈ کاسٹر سے معاہدہ بھی پاکستان میں میچز کا ہے، ایسے میں اب ایسا نہیں لگتا کہ میچز ہوں گے، ذرائع کے مطابق بورڈ حکام بھی جانتے ہیں کہ میچز کرانا ممکن نہیں، اعلان میں تاخیر کا سبب آئندہ ماہ اگلے ایڈیشن کی بینک گارنٹی لینا ہے۔

حکام کو خدشہ ہے کہ نامکمل ایونٹ سے کہیں فرنچائز نقصان کا کہہ کرکسی ریلیف کا مطالبہ نہ کر دیں،اس لئے پہلے فیس لینے کا پلان بنایاگیا ہے، حتمی اعلان کے بعد اکاﺅنٹس کو حتمی شکل دی جائے گی، پوائنٹس ٹیبل پر سرفہرست ٹیم کو چیمپین قرار دینے یا بغیر فاتح کے اختتام کا فیصلہ ٹیموں کی مشاورت سے ہوگا۔

مزید :

کھیل -