سشانت سنگھ کی "دل بیچارہ" ریلیز ہونے سے ایک دن قبل ایک اور لڑکی نے خود کشی کرلی، تعداد 4 ہوگئی
رائے پور (ڈیلی پاکستان آن لائن) بھارتی ریاست چھتیس گڑھ میں ایک 13 سالہ لڑکی نے سشانت سنگھ کے غم میں اپنی زندگی کا خاتمہ کرلیا، خود کشی کے اس واقعے کے ساتھ ہی سشانت سنگھ کی خود کشی سے دلبرداشتہ ہوکر اپنی جان دینے والے افراد کی تعداد 4 ہوگئی ہے۔
ضلع درگ کے سیکٹر 7 میں ساتویں کلاس کی 13 سالہ طالبہ نے پھندا لگا کر خود کشی کرلی، وہ سشانت سنگھ راجپوت کو بہت زیادہ پسند کرتی تھی اور سارا دن اسی کی فلمیں دیکھتی رہتی تھی۔
اہلخانہ کے مطابق وہ گھر سے باہر جارہے تھے، اس دوران ان کی 13 سالہ بیٹی ٹی وی پر سشانت کی فلم "چھچھورے" دیکھ رہی تھی اور اس نے باقی گھر والوں کے ساتھ باہر جانے سے منع کردیا۔ گھر والے رات کو واپس آئے تو دیکھا کہ بچی کی لاش پنکھے سے لٹکی ہوئی ہے۔
لڑکی نے جمعرات کو اپنی زندگی کا خاتمہ کیا ہے جبکہ جمعہ کو سشانت سنگھ راجپوت کی آخری فلم " دل بیچارہ" ریلیز ہوئی ہے۔