کسی بھی تحریک کی کامیابی میں خواتین کا اہم کردار رہا ہے،مقررین
لاہور(سٹی رپورٹر)پاکستان جاگو تحریک خواتین ونگ کا اجلاس گزشتہ روز پارٹی آفس میں منعقد کیا گیا جس کی صدارت صدر شعبہ خواتین ڈاکٹر راشدہ قریشی نے کی۔اس موقع پر پاکستان جاگو تحریک کے بانی و قائد قیوم نظامی نے خصوصی طور پر شرکت کی جبکہ دیگر شرکت کرنے والوں میں صدر پنجاب فاطمہ قمر،فرزانہ قدرت،پروفیسر عابدہ تنویر، آرکیٹیکٹ روبینہ بشیر،پروفیسر ناز رضوی،خالدہ اجمل، مسز طیبہ،شاہدہ خاور،سمین زاہرہ،ڈاکٹر عابدہ قاضی،مسز صباء،عابدہ قیصر،عکاشہ احمد،جنرل سیکرٹری پنجاب ڈاکٹر امجد علی خان،صدر لاہور طیب احمد،سید اجمل بخاری اور معروف شاعر و دانشور نذیر قیصر شامل تھے۔اجلاس میں اس بات پر زور دیا گیا کہ کسی بھی تحریک کی کامیابی میں خواتین کے کردار کو نہیں بھلایا جا سکتا۔ آج پاکستان جس نازک مرحلے سے گزر رہا ہے ہمیں گھر گھر جا کر پاکستان جاگو تحریک اور اس کے منشور سے آگاہی پیدا کرنا ہو گی۔ بانی قائد قیوم نظامی نے کہا کہ ہماری اس تحریک کا اہم کردار نوجوان ہوں گے۔ نوجوان ہمارا مستقبل ہیں انہیں اس تحریک میں ہر صورت شامل کرنا ہو گا۔ صدر لاہور طیب احمد نے کہا کہ پہلے تو میں اس کامیاب اجلاس کی مبارکباد دیتا ہوں جہاں خواتین کی شرکت نے اس تقریب کو یاد گار بنا دیا۔ اس کے بعد میں اتنا کہوں گا کہ پاکستان جاگو تحریک ایک سوچ اور ملک کی ترقی کو خوشحالی کا نام ہے۔