آزاد کشمیر انتخابات میں پولنگ کا عمل جاری، 32لاکھ ووٹرز حق رائے دہی استعمال کریں گے
مظفر آباد(ڈیلی پاکستان آن لائن )آزاد کشمیر میں پولنگ کا عمل شروع ہوگیا جو بغیر کسی تعطل شام 5 بجے تک جاری ہے۔آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی کی آئندہ پانچ سال کی مدت کے اراکین کے انتخاب کیلئے آج بتیس لاکھ سے زائد ووٹرزاپنا حق رائے دہی استعمال کریں گے۔پاکستان تحریک انصاف، مسلم لیگ ن، پاکستان پیپلز پاٹی اور مسلم کانفرنس میں کانٹے کا مقابلہ متوقع ہے۔
تفصیلات کے مطابق آزاد کشمیر سمیت ملک کے دیگر شہرو ں میں قائم چھ ہزار 139 میں سے 826 پولنگ سٹیشن انتہائی حساس اور ایک ہزار 209 پولنگ سٹیشن حساس قرار دیئے گئے ہیں، انتخابی عمل کے دوران حساس پولنگ سٹیشنوں پر فوج تعینات ہے، 40 ہزار پولیس اہلکار بھی الیکشن ڈیوٹی انجام دے رہے ہیں۔
آزاد جموں و کشمیر کی قانون ساز اسمبلی میں نشستوں کی کل تعداد 53 ہے۔ خواتین کیلئے پانچ اور علما و مشائخ کی ایک مخصوص نشست ہے۔ ٹیکنو کریٹ اور اوور سیز کی بھی ایک ایک نشست ہے۔33 حلقوں میں ووٹرز کی کل تعداد 28 لاکھ 41 ہزار985 ہے، مرد ووٹرز کی تعداد 15 لاکھ 47 ہزار 850 جبکہ خواتین ووٹرز کی تعداد 12 لاکھ 94ہزار 135ہے۔