آزاد کشمیر الیکشن، وہ سات ووٹرز جن کا ایک ایک ووٹ بھی ایک لاکھ کا ہے
مظفر آباد (ویب ڈیسک) آزاد کشمیر اسمبلی کی 45نشستوں کے لئے ہونے والے عام انتخابات میں32لاکھ 20ہزار 793ووٹرز میں سے سب سے زیادہ مہنگے 7ووٹرز ہیں جن کے ہر ووٹ کی مجموعی مالیت کم از کم ایک لاکھ روپے بنتی ہے ۔
الیکشن کمیشن ذرائع کے مطابق ایک پولنگ سٹیشن پر کم از کم خرچہ ایک لاکھ روپے سے زائد متوقع ہے لیکنLA40 کشمیر ویلی ون کے سات پولنگ سٹیشن ایسے ہیں جہاں صرف ایک ووٹر کے لئے پولنگ سٹیشن قائم کیا گیا ہے ۔ایکسپریس نیوز کے مطابق ان سات پولنگ اسٹیشن میں گورنمنٹ پرائمری سکول سعید آباد کراچی میں ایک خاتون ووٹر کے لئے پولنگ سٹیشن قائم کیا گیا ہے جبکہ اسی طرح گورنمنٹ بوائز پرائمری سکول تھانہ بلا خان جام شورو میں ایک مرد ووٹر کے لئے، ڈسٹرکٹ الیکشن کمشنر آفس ٹنڈو اللہ یار میں ایک خاتون ووٹر کے لئے، ڈسٹرکٹ الیکشن کمشنر دادو میں خاتون ووٹر کے لئے، گورنمنٹ ہائیر سیکنڈری سکول قاضی سلطان کنری میں خاتون ووٹر کے لئے ، گورنمنٹ بوائز ماڈل سکول تربت میں ایک مرد ووٹر کے لئے جبکہ ڈسٹرکٹ الیکشن کمشنر قلعہ سیف اللہ میں خاتون ووٹر کے لئے پولنگ سٹیشن قائم کیا گیا ہے ۔جہاں پولنگ سٹاف صرف ایک ووٹر کے لئے سارا دن انتظار کرنے پر مجبور ہو گا۔
آزاد کشمیر کے LA7بھمبر میں سب سے زیادہ ایک لاکھ بارہ ہزار ووٹر ہیں جبکہ سب سے کم ووٹر LA43کشمیر ویلی 4میں صرف 2457ہیں۔ 45حلقوں کے لئے 32لاکھ 20ہزار سے زائد ووٹر اپنا حق رائے دہی استعمال کرینگے ۔دوسری جانب آزاد کشمیر کا ووٹرز کے اعتبار سے سب سے بڑا حلقہ LA7بھمبر ہے جہاں سب سے زیادہ ایک لاکھ بارہ ہزار 29ووٹرز اپنا حق رائے دہی استعمال کرینگے ۔ووٹرز کے اعتبار سے سب سے چھوٹا حلقہ LA40کشمیر ویلی ون ہے جہاں ووٹرز کی کل تعداد صرف 2457ووٹرز پر مشتمل ہے۔