بھارتی صدر رام ناتھ کووند کا دورہ مقبوضہ کشمیر ، کل جماعتی حریت کانفرنس نےمنگل کو مکمل ہڑتال کا اعلان کردیا 

بھارتی صدر رام ناتھ کووند کا دورہ مقبوضہ کشمیر ، کل جماعتی حریت کانفرنس ...
بھارتی صدر رام ناتھ کووند کا دورہ مقبوضہ کشمیر ، کل جماعتی حریت کانفرنس نےمنگل کو مکمل ہڑتال کا اعلان کردیا 

  

سرینگر(ڈیلی پاکستان آن لائن)بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں وکشمیر میں بھارتی صدر رام ناتھ کووند کے دورہ کے خلاف(27جولائی) منگل کو سرینگر اور مقبوضہ علاقے کے دیگر حصوں میں مکمل ہڑتال کی جائے گی۔

کشمیر میڈیاسروس کے مطابق ہڑتال کی کال کل جماعتی حریت کانفرنس نےآزادی پسند کشمیریوں سے اپیل کی ہے کہ اس روز سول کرفیو نافذ کریں کیونکہ بھارتی صدر کا دورہ کشمیریوں کے رستے ہوئے زخموں پرنمک پاشی کے مترادف ہے۔ جموں وکشمیر ڈیموکریٹک پولیٹیکل موومنٹ نے ایک بیان میں کہا کہ رام ناتھ کووند کا دورہ عالمی برادری کو مقبوضہ علاقے میں سب کچھ معمول کے مطابق ہونے کا تاثردینے کے لیے رچایا گیا۔ بیان میں افسوس ظاہر کیا گیا کہ بھارتی صدر کے دورے سے قبل مقبوضہ علاقے کو مکمل طورپر ایک فوجی چھاﺅنی میں بدل دیا گیا ہے۔

دریں اثنا بھارتی فوجیوں نے اپنی ریاستی دہشت گردی کی تازہ کارروائی کے دوران اتوار کو ضلع کولگام کے علاقے یاری پورہ میں ایک پرتشدد تلاشی آپریشن میں مزید ایک کشمیری نوجوان کو شہید کر دیا۔ انتظامیہ نے علاقے میں انٹرنیٹ سروس معطل کر دی اور اسکے تمام داخلی اور خارجی راستے سیل کر دیے۔ فوجیوں نے ضلع راجوری کے علاقوں منج کوٹ اور کینی تار میں تلاشی آپریشن شروع کر دیے جبکہ ضلع بانڈی پورہ کے علاقے شوخہ بابا میں اتوار کو دوسرے روز بھی آپریشن جاری رہا۔

بھارتی فوجیوں نے گزشتہ روز شوخہ بابا میں تین نوجوان شہید کر دیے تھے۔ کل جماعتی حریت کانفرنس کے معاون جنرل سیکرٹری خواجہ فردوس کی قیادت میں ایک وفد شہید نوجوانوں کے اہلخانہ سے اظہار یکجہتی کیلئے علاقے میں گیا۔ انہوں نے اس موقع پر کہا کہ مودی کی فسطائی حکومت نے مقبوضہ علاقے کے اطراف و اکناف میں ’پکڑو اور قتل کرو‘ کی پالیسی دوبارہ شروع کر دی ہے۔

جموں وکشمیر ڈیموکریٹک فریڈم پارٹی او ر جموں وکشمیر ماس موومنٹ نے سرینگر میں جاری اپنے بیانات میں بھارتی فورسز کی طرف سے مقبوضہ علاقے میں قتل عام کی جاری لہر کی مذمت کرتے ہوئے اقوام متحدہ پر زور دیا ہے کہ وہ اسکا نوٹس لے۔ جموں وکشمیر سول سوسائٹی فورم کے چیئرمین عبدالقیوم وانی نے مقبوضہ علاقے میں سیاسی رہنماؤں ، صحافیوں ، کارکنوں اور تاجروں کے سیل فون کی نگرانی پر شدید تشویش کا اظہار کیا۔ نامعلوم افراد نے ضلع کولگام کے علاقے کڈونی میں سرینگر جموں شاہراہ پر ایک پولیس اہلکار سے اسکی بندوق چھین لی۔ 

مزید :

علاقائی -آزاد کشمیر -مظفرآباد -