قانون ساز اسمبلی کے انتخابات، پنجاب پولیس کے بہترین سیکیورٹی انتظامات

 قانون ساز اسمبلی کے انتخابات، پنجاب پولیس کے بہترین سیکیورٹی انتظامات
 قانون ساز اسمبلی کے انتخابات، پنجاب پولیس کے بہترین سیکیورٹی انتظامات

  

لاہور (ڈیلی پاکستان آن لائن) انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب انعام غنی کی ہدایت پر پنجاب پولیس نے آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی کے انتخابات کیلئے صوبہ بھر میں سیکیورٹی کے بہترین انتظامات کو یقینی بنایا جس کے نتیجے میں صوبہ بھر میں پولنگ کا عمل پر امن انداز میں سر انجام پایا ۔

تفصیلات کے مطابق آئی جی پنجاب انعام غنی خود لمحہ بہ لمحہ صورتحال کی مانیٹرنگ کرتے رہے جبکہ انتخابات سے قبل ہی سی سی پی او لاہور سمیت صوبے کے تمام آرپی اوز ، سی پی اوز اور ڈی پی اوز کو تفصیلی ہدایات جاری کردی گئی تھیں ۔ آئی جی پنجاب کی جانب سے صوبے کے تمام سپروائزری افسران کو بھجوائے گئے مراسلے میں ہدایت کی گئی تھی کہ سی سی پی او لاہور ، تمام آر پی اوز ، سی پی اوز اور ڈی پی اوز اپنے اضلاع کے حساس پولنگ اسٹیشنز کے دورے کریں اور سیکیورٹی صورتحال اور حالات کا جائزہ لیں ۔

انتخابات کیلئے صوبہ بھر میں 835 پولنگ اسٹیشنز اور 1585 پولنگ بوتھ بنائے گئے تھے جن کی سیکیورٹی کیلئے 15306 افسران و اہلکاروں نے فرائض سر انجام دئیے جبکہ پولیس کی 859 گاڑیاں بھی صوبہ بھر میں الیکشن ڈیوٹی پر مامور رہیں ۔ مراسلے میں ہدایت دیتے ہوئے مزید کہا گیا تھا کہ امیدواروان کو پابند کیا جائے کہ ان کے پرائیویٹ گارڈز اسلحہ کی نمائش کسی صورت نہیں کریں گے۔ تمام ڈی پی اوز، ٹریفک پولیس اور سپیشل برانچ اپنی نگرانی میں سیکیورٹی پلان کے نفاذ کو یقینی بنائیں گے جبکہ ڈی پی او، ایس ڈی پی او اور ایس ایچ اوززمینی حقائق، روایات اور مشکلات کے جائزہ کیلئے پولنگ اسٹیشنز کے دورے کریں۔ مراسلے میں مزید کہا گیا تھا کہ الیکشن کی مناسبت سے پولیس ٹیموں کے سپیشل اسکوارڈز بنائے جائیں اور ہر موبائل اسکواڈ پولیس اسٹیشن کے ساتھ ساتھ ڈسٹرکٹ کنٹرول روم کے ساتھ وائر لیس کے ذریعے منسلک رہے گا ۔ حساس مقامات پر کسی بھی غیر یقینی صورتحال سے نبرد آزما ہونے کیلئے  اینٹی رائٹ فورس کے دستوں کو ہائی الرٹ رکھا گیا جبکہ الیکشن کیلئے تعینات تمام اہلکاروں کو انکی ڈیوٹی کی حساسیت ، سیکیورٹی انتظامات اور دہشت گردی سمیت تمام خطرات بارے موثر بریفنگ بھی دی گئی ۔ سپیشل برانچ، سی ٹی ڈی اور ضلعی پولیس کے انٹیلی جنس آپریٹرز بھی معلومات کے حصول اور صورتحال کی نگرانی کیلئے ہائی الرٹ رہے۔ حساس مقامات پر غیر یقینی صورتحال کا سامنا کرنے کیلئے اضافی فورس تعینات کی گئی  اور پولیس لائنز میں بھی اہلکار ریزور رکھے گئے۔ مراسلے میں تاکید کی گئی تھی کہ کورونا کی چوتھی لہر کے پیش نظر کورونا ایس او پیز کی سختی سے پاسداری کو ہر صورت یقینی بنایا جائے جبکہ ایس ڈی پی اوز اور ایس ایچ اوز نے اپنے علاقوں کے پولنگ اسٹیشنز کے الیکشن سٹاف کے ساتھ قریبی رابطہ بھی رکھا ۔ مراسلے میں مزید کہا گیا تھا کہ الیکشن کے بعد فتح کیلئے ریلیوں کے انعقاد یا ہوائی فائرنگ کسی صورت قابل قبول نہیں چنانچہ اس حوالے سے بروقت اقدامات جاری ہیں ۔ آئی جی پنجاب کی ہدایت پر لیکشن ڈیوٹی پر تعینات اہلکاروں کی ویلفیئر، ڈیوٹی ٹائمنگ اور سہولیات کی فراہمی کا خاص خیال رکھا گیا جبکہ تمام سپروائزری افسران نے مثالی ٹیم لیڈرز کا کردار ادا کرتے ہوئے اہم قومی ذمہ داری کے موقع پر ماتحت سٹاف سے بہترین پرفارمنس لی۔ 

مزید :

علاقائی -پنجاب -لاہور -