بھتہ خوروں اور لٹیروں نے تاجروں کو بدحواس کردیا: عتیق میر

بھتہ خوروں اور لٹیروں نے تاجروں کو بدحواس کردیا: عتیق میر

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


کراچی(اکنامک رپورٹر)آل کراچی تاجر اتحاد کے چیئرمین عتیق میر نے حکومت کو خبردار کیا ہے کہ شہر میں رمضان المبارک کی آمد سے قبل بھتہ خوروں، ڈاکوﺅں ، چوروں اور لٹیروں کی یلغار نے تاجروں کو بدحواس کردیا ہے دوسری جانب ناجائز منافع خوروں اور ذخیرہ اندوزوں نے بھی روزہ داروں کے خلاف دانت تیز کرلیئے ہیں، ماہِ رمضان میں شیطان کے چیلے تاجروں کے روپ میں عوام کا گلا کاٹتے ہیں اور اللہ کی رحمتیں اور برکتیں لوٹنے کے بجائے ناجائز منافع خوری کرکے اللہ کے بندوں کو لُوٹتے ہیں، ماہِ مقدس کی آمد پر سیکوریٹی اداروں کے بیشتر اہلکار بے لگام ہوگئے ہیں جس کے نتیجے میں عام مجرموں کے مقابلے میں باوردی مجرموں کی شرح میں ہولناک اضافہ ہوگیا ہے، سادہ لباس میں جرائم کی شرح 20فیصداور باوردی مجرموں کی لوٹ کھسوٹ کی شرح 80فیصد ہوگئی ہے، مسلمان معاشرے میں ماہِ مقدّس کی آمد پر ہر قسم کے جرائم کی شرح میں کئی گُنا اضافہ ہوجاتا ہے، رمضان المبارک میں پولیس، ڈاکو، چور اور لٹیرے ایک ہوکر عوام کے حقوق پر ڈاکہ ڈالتے ہیں، ان خیالات کا اظہار رمضان المبارک میں جرائم کی شرح میں اضافہ، ضروری اشیاءکی مصنوعی قلّت، ذخیری اندوزی اور ناجائز منافع خوری کی روک تھام کے تحت آل کراچی تاجر اتحاد کے چیئرمین عتیق میر کی زیرِصدارت آرام باغ میں منعقد کیئے گئے ایک اہم اجلاس میں کیا گیا جس میں شریک سپریم کونسل کے ارکان اکرم رانا، انصار بیگ قادری، طارق ممتاز، زبیر علی خان، عبدالغنی اخوند، احمد شمسی، شیخ محمد عالم،سمیع اللہ خان، سید شرافت علی، شاکر فینسی، ملک اسلم جاوید ارائیں، ضیاءعمر سہگل، میر عبدالحئی خان،محمد آصف ، دلشاد بخاری، عبدالقادر، شمیم احمد، عمران پاروانی، سید محمد سعید اور محمد عارف نے حکومتی سطح پر مقرر کی گئیں پرائس چیکنگ ٹیموں کے ذمے داران سے مطالبہ کیا کہ جرمانوں اور سزاﺅں کا تمام ز ور ریٹیلرز کے خلاف استعمال کرنے کے بجائے ہولسیلرز، سپلائرز اور آڑھتیوں کےخلاف بھی کریک ڈاﺅن کیا جائے، برائی کے تناور درخت کی جڑیں کاٹی جائیں پتّے جھاڑنے سے کچھ نہیں ہوگا۔
،اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ تاجر برادری رمضان المبارک میں اشیائے خورد و نوش کے ذخیرہ اندوزوں اور ناجائز منافع خوروں کے خلاف کارروائی کی بھرپور حمایت کریگی، مصنوعی مہنگائی کی روک تھام کے تمام ذمے دار حکومتی ادارے روزہ داروں کو فوری ریلیف دینے کیلئے ذخیرہ اندوزوں کے گوداموں پر چھاپے مار کر اشیائے صرف کی مصنوعی قلت کا خاتمہ کریں، تاجروں نے کہا کہ ناجائز منافع خوری کی بہتی گنگا میں حکومتی ادارے بھی ہاتھ رنگ رہے ہیں، بازاروں میں قانون کی بالادستی کے بجائے ناجائز منافع خوروں کا راج قائم ہے ، روزہ داروں کے تصرف کی ہر شے من مانی قیمت پر فروخت کی جارہی ہے جس میں پھل، سبزیاں، بیسن، میدہ، دالیں، گوشت، مشروب، خوردنی تیل،کھجوریں اور دیگر اشیاءشامل ہیں، عتیق میر نے اجلاس سے خطاب میں کہا کہ حقوق العباد سے انحراف اور اللہ کی نافرمانی کرکے اللہ کی رحمتوں کی امید نہیں کی جاسکتی،بھتہ خور، ڈاکو، چور اور لٹیرے ہماری بداعمالیوں کی پیداوار ہیں،انھوں نے تاجر برادری سے دردمندانہ اپیل کرتے ہوئے کہا کہ روح فُرسا مہنگائی میں اشیائے صرف کی قیمتوں میں ممکنہ ریلیف متعارف کروائی جائے اور روزہ داروں سے عبادت اور عید کی خوشیوں میں بھرپور تعاون کیا جائے، انھوں نے کہا کہ رمضان المبارک کی نیکیوں کا اجر بے حساب اور گناہوں کی پکڑ عبرتناک ہے۔

مزید :

کامرس -