حکومت فوج اور تمام جماعتیں دشمن کی تدبیریں نا کام بنانے کیلئے متحد ہو جائیں حافظ سعید

حکومت فوج اور تمام جماعتیں دشمن کی تدبیریں نا کام بنانے کیلئے متحد ہو جائیں ...

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

                       لاہور(آئی این پی)امیر جماعةالدعوة پاکستان پروفیسر حافظ محمد سعید نے کہا ہے کہ وزیرستان متاثرہ لاکھوں افراد کی امداد کیلئے پوری قوم کو بڑھ چڑھ کر حصہ لینا چاہیے،متاثرین کی مشکلات بہت زیادہ ہیں‘ انہیںخوراک، صاف پانی،بستر اور دیگر اشیائے ضروریہ کی اشد ضرورت ہے۔وہ جماعةالدعوة لاہور کے زیر اہتمام بیدیاں روڈ نیو ڈیفنس میں اتحاد امت کانفرنس سے خطاب کر رہے تھے۔ اس موقع پر مختلف مکاتب فکر اور شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے ہزاروں افراد موجود تھے۔ کانفرنس سے جماعةالدعوة کے مرکزی رہنما مولانا غلام قادر سبحانی، مولانا محمد یوسف ربانی، امیر جماعةالدعوة لاہور مولانا ابوالہاشم، مولانا محمد ادریس فاروقی ودیگر نے خطاب کیا۔انہوں نے کہا کہ لاکھوں لوگ شمالی وزیرستان سے نکل مکانی کر کے آرہے ہیں۔ان حالات میں بڑے پیمانے پرریلیف آپریشن کی ضرورت ہے،جماعةالدعوة کی طرف سے ملک بھر کے ذمہ داران کو ہدایات جاری کی گئی ہیں کہ وہ اپنے شہروں میں قبائلی بھائیوں کیلئے وسائل جمع کریں۔تمام مذہبی و سیاسی جماعتوں کودل کھول کر اپنے ان متاثرہ بھائیوں کی بھرپور مدد کرنی چاہیے یہ ہم سب کا فریضہ ہے۔انہوں نے کہاکہ ہم اس وقت آزمائش سے گزر رہے ہیں۔ امریکہ افغانستان سے شکست کھا کر جارہا ہے اور پاکستان سے انتقام لینا چاہتا ہے۔ انڈیا بھی اس صورتحال سے بھرپو ر فائدے اٹھا رہا ہے اور اپنے مذموم ایجنڈے پورے کرنا چاہتا ہے۔ حکومت،فوج اور سب جماعتوں کودشمن کی تدبیریں ناکام بنانے کیلئے ایک ہوجانا چاہیے۔حافظ محمد سعید نے کہاکہ جماعةالدعوة کی طرف سے ریلیف آپریشن شروع کرنے سے غیر ملکی این جی اوز کی سازشوں کے جال کاٹنے میں مدد مل رہی ہے۔ ہم نے اسلام دشمنوں کیلئے ریلیف کی آڑ میںملک دشمن سرگرمیاں پروان چڑھانے کیلئے راستے کھلے نہیں چھوڑنے۔بنوں اورڈیرہ اسمٰعیل خاں میں امدادی کیمپ قائم کرکے امدادی سرگرمیوں کا سلسلہ جاری ہے۔ جماعةالدعوة کی ریلیف سرگرمیوں سے آپریشن کے منفی اثرات ختم کرنے میں مدد ملے گی۔انہوںنے کہاکہ بھارت و امریکہ خوفناک سازشیں کر کے قبائل میں بغاوتیں کھڑی کر رہے ہیںوگرنہ قبائل کی اکثریت اسلامی اعتبار سے بہت مضبوط ، محب وطن اور دفاع پاکستان کیلئے ہمیشہ ہراول دستہ کا کردار ادا کرنے والی ہے۔ شمالی وزیرستان آپریشن سے متاثر ہونے والے لاکھوں لوگ بنوں، ڈیرہ اسمٰعیل خاں، کرک اور ژوب میںنقل مکانی کر کے پہنچے ہیں اور یہ سلسلہ تاحال جاری ہے۔رمضان المبارک میں سحری و افطاری کے دوران انہیں سخت مشکلات کا سامنا کرنا پڑ سکتاہے۔ ہم سب کی ذمہ داری بنتی ہے کہ اپنے متاثرہ بھائیوںکی دل کھول کر مدد کی جائے۔
حافظ سعید

 

مزید :

علاقائی -