چلڈرن ہسپتال دُنیا کا سب سے بڑا ہسپتال بن گیا

چلڈرن ہسپتال دُنیا کا سب سے بڑا ہسپتال بن گیا

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


لاہور کا چلڈرن ہسپتال توسیع کے بعد دُنیا کا سب سے بڑا چلڈرن ہسپتال بن گیا ہے۔ نئے بلاک میں600بستر اور16 اوٹی شامل ہیں جہاں ہر وقت آپریشن کی سہولت مہیا کی گئی ہے۔ اِس مقصد کے تحت جدید سرجری اور میڈیکل سہولتیں موجود ہیں۔ بتایا گیا ہے کہ نئے بلاک کا افتتاح ہونے کے بعد چلڈرن ہسپتال میں بستروں کی تعداد 1080 ہو گئی ہے۔ جہاں ایک ہی چھت کے نیچے بچوں کے مختلف امراض کا علاج ممکن ہو گیا ہے، خاص طور پر دِل اور کینسر کے امراض میں مبتلا بچوں کے علاج کی سہولت موجود ہے ۔ لاہور میں بچوں کی بڑی تعداد مختلف بیماریوں کا شکار ہو کر ہسپتالوں میں پہنچتی ہے،تو اُن کے علاج کی محدود سہولتیں موجود ہوتی ہیں۔ بعض ہسپتالوں میں ڈاکٹروں کی کمی کا مسئلہ بھی درپیش ہوتا ہے، جبکہ آکسیجن ٹینٹوں میں بچوں کی اموات اِس لئے ہوتی رہتی ہیں کہ ضروری سہولتیں دستیاب نہیں ہوتیں بعض اوقات آکسیجن ختم ہو جاتی ہے اور ڈاکٹر بھی موجود نہیں ہوتے۔ چھ سو بستروں اور16آپریشن تھیٹرز کی سہولت کے ساتھ نئے بلاک کے افتتاح کے بعد یہ توقع کرنی چاہئے کہ جس صورتِ حال کی وجہ سے بچوں کے علاج میں پریشانی کا سامنا ہوتا رہا، اور معصوم بچے لقمۂ اجل بنتے رہتے ہیں، جدید سہولتیں مہیا ہونے سے حالات بہتر ہوں گے۔ نئے بلاک پر خطیر رقم خرچ کی گئی ہے تو ڈاکٹروں کی کمی کا مسئلہ بھی حل کر لیا گیا ہو گا اور بچوں کے علاج کے لئے جدید میڈیکل اور سرجری کی سہولتوں میں اضافہ بھی یقینی ہو گا۔

مزید :

اداریہ -