شامی پناہ گزینوں کا مسئلہ جلد حل کیا جائے ، چین
بیروت(آئی این پی)چین نے شامی پناہ گزینوں کا مسئلہ حل کرنے کی ضرورت پر زور دیا ہے اور کہا ہے کہ شامی پناہ گزین مشرق وسطیٰ میں بڑی مشکلات کا شکار ہیں اس لئے یہ مسئلہ جس قدر جلد ممکن ہو حل ہونا چاہیے ، یہ پناہ گزین مہاجرین نہیں ہیں اور بین الاقوامی برادری کو ان کے لئے مناسب حالات پیدا کرنے چاہیءں تاکہ وہ پر امن طور پر اپنے گھروں کو واپس جا سکیں ۔ ان خیالات کا اظہار چین کے وزیرخارجہ وانگ ای نے لبنان کے وزیرخارجہ جبران باسل کیساتھ یہاں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ چین کے وزیرخارجہ لبنان کے ایک روزہ دورے پر یہاں پہنچے تھے ۔ اس موقع پر بات چیت کرتے ہوئے لبنان کے وزیرخارجہ جبران باسل نے کہا کہ شامی پناہ گزینوں کی وجہ سے لبنان پر بہت زیادہ بوجھ پڑ رہا ہے اس لئے بین الاقوامی برادری کو ان مسائل کو سمجھنا چاہیے اور اس سلسلے میں لبنان کی مدد کرنی چاہیے ۔ دریں اثناء اقوام متحدہ کے ہائی کمشنر برائے مہاجرین کے مطابق اس وقت لبنان میں 10لاکھ سے زیادہ شامی پناہ گزین موجود ہیں جو کہ اپنے جنگ زدہ ملک سے نکلنے پر مجبور ہوگئے ہیں ۔ شام مارچ2011سے خانہ جنگی کا شکار ہے ۔
قبل ازیں چین کے اعلیٰ سفارتکاروں نے لبنان کے صدر مائیکل اون کے ساتھ ایک ملاقات کی تھی جس میں دونوں ممالک کے درمیان تعاون کو فروغ دینے کی خواہش کا اظہار کیا گیا تھا ۔ لبنانی صدر نے چین کے تفویض کردہ منصوبے بیلٹ اینڈ روڈ کی تعریف کی اور کہا کہ لبنان کو توقع ہے کہ قدیم شاہراہ ریشم بحال ہوجائے گی ۔انہوں نے کہا کہ وہ اس منصوبے میں فعال کردارادا کرنے کیلئے تیار ہیں تاکہ اقتصادی اور ثقافتی تبادلوں کو مزید فروغ دیا جاسکے ۔