پشاور:فلورمل کی آڑ میں بم ،کود کش جیکٹسبنانیوالی فیکٹری پکڑی گئی ،2دہشتگرد ہلاک 5فورسز اہلکار زخمی
پشاور (مانیٹرنگ ڈیسک ، نیوز ایجنسیاں) پشاور میں سکیورٹی فورسز نے کامیاب آپریشن کرکے فلور مل کی آڑ میں بم اور خود کش جیکٹس بنانے کی فیکٹری پکڑ لی اور2 بزدل دہشت گردوں کو انجام تک پہنچا دیا،تاہم 3پولیس اہلکار اور 2فوجی جوان بھی زخمی ہو گئے ، ہلاک ہونیوالے ایک دہشت گرد کے اہل خانہ کو بھی حراست میں لے لیا گیا، واقعے کی خبر سامنے آتے ہی اہل علاقہ میں خوف و ہراس پھیل گیا۔ تفصیلا ت کے مطابق سی سی پی او پشاور طاہر خان کا کہنا ہے گزشتہ روز سکیورٹی فورسز اور پولیس نے خفیہ اطلاعا ت پرنواحی علاقے چمکنی میں رات گئے دہشت گردوں کی موجودگی پر فلور ملز پر چھاپہ مارا تو معلوم ہوافلور مل کی آڑ میں وہاں ڈیٹو نیٹرزاور خودکش جیکٹس تیار کی جا رہی تھیں۔ آپریشن کے دوران دہشت گردوں کی فائرنگ سے 5اہلکار زخمی ہو گئے جبکہ کالعدم تنظیم کے 2دہشت گرد مارے گئے۔ ہلاک دہشت گردوں میں سے ایک کی شناخت خلیل عرف عارف کے نام سے ہوئی ہے جو کالعدم تنظیم کا اہم کمانڈر ہے، آپریشن کے بعد خلیل عرف عارف کی بیوی اور چار بچوں کو بھی حراست میں لیا گیا ہے جو فلوز ملزکی عمارت میں ہی رہائش پذیر تھے۔ہلاک دہشت گردوں کے قبضے سے 6دستی بم ،600 سے زائدڈیٹو نیٹرز ، 4پستول اور 4کلاشنکوف ، بارودی مواد اور خودکش جیکٹس بنانے کاسامان، کمپیوٹر اور موبائل فونز جبکہ حساس مقامات کی تصاویر اور مختلف کاغذات بھی ملے ہیں۔ سی سی پی او کے مطابق سکیورٹی فورسز نے مذکورہ فلور مل پرچھاپہ مارا تو وہاں موجود دہشت گردوں نے فائرنگ شروع کردی، جس کے بعد مقابلہ شروع ہوا، مقابلے کے دوران فوج کو طلب کر لیا گیا، فوج کی بھاری نفری، بم پروف ٹرک اور مشینری کیساتھ پہنچی، آرمی جوانوں نے دہشت گردوں کو ٹھکانے لگانے کے بعد سرچ آپریشن کیا اور عمارت کو کلیئر قرار دینے کے بعد عمارت پر پاکستان کا قومی پرچم لہرادیا۔سی سی پی او کے مطابق تحقیقات جاری ہیں کہ دہشت گرد یہاں کتنے عرصے سے مقیم تھے، جبکہ ہلاک دہشت گرد چند روز قبل پولیس پر حملے میں بھی ملوث تھے۔فلور مل جس شخص کی ملکیت ہے اس کو بھی شامل تفتیش کیا جائیگا، قوی امکان ہے دہشت گرد عید پرکوئی کارروائی کرنا چاہتے تھے۔زخمی اہلکار وں کو طبی امداد کیلئے ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔