عید الفطر، پردیسیوں کی گھروں کی واپسی، لاہور کی شاہراہیں سنسان ہو گئیں

عید الفطر، پردیسیوں کی گھروں کی واپسی، لاہور کی شاہراہیں سنسان ہو گئیں

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


لاہور ( اسد اقبال ) عید الفطر کی مناسبت سے پردیسیوں کی گھروں کو واپسی کے باعث لاہور ویران ہوگیا ۔ آئندہ ہفتہ جمعرات سے لاہور کی رونقیں دوبارہ بحال ہو جائیں گی ۔دوسری جانب بس اڈوں پر محکمہ ٹرانسپورٹ اتھارٹی کی چشم پوشی کے باعث کنڈیکٹرز اور ڈرائیور حضرات نے اڈا مینیجرز کی ملی بھگت سے اضافی کرائے وصول کر نا شروع کر دیے ہیں جبکہ بڑی پرائیویٹ بس ٹرانسپورٹ کمپنیوں کے ملازمین نے بکنگ سنٹرز کو عید ی مہم کا حصہ بنا دیا ہے اور بکنگ بند ہونے کا شور الاپتے ہوئے اندر کھاتے بلیک میں ٹیکٹیں جاری کرنا شروع کر دیں ہیں۔ تفصیلات کے مطابق دوسرے اضلاع اور صوبوں سے تعلق رکھنے والے لاکھوں افراد کی تعداد روزگار کے حصول اور تعلیم کے سلسلہ میں لاہور میں آکر مقیم ہے جوقومی و مذہبی تہواروں پر اپنے گھروں کو واپس چلے جاتے ہیں ۔ امسال بھی پردیسی عیدالفطر اپنے پیاروں کے ساتھ منانے کیلئے اپنے آبائی علاقوں کو واپس چلے گئے ہیں جسکی وجہ سے لاہور کی شاہراہیں ویران اور سنسان ہو گئی ہیں ۔ عید اوراضافی تعطیلات ختم ہونے کے بعد پردیسیوں کی آئندہ ہفتہ کے آخر تک دوبارہ واپسی شروع ہوجائے گی جس سے لاہور کی رونقیں دوبارہ لوٹ آئیں گی۔دوسری جانب لاہور کے بس اڈوں اور ریلو ے اسٹیشن پر پردیسیوں کی بڑی تعداد رات گئے تک اپنے آبائی علاقوں کو جانے کا رخ کر تی رہی تاہم اڈا مینیجرز اور بس عملہ انتظامیہ کی ملی بھگت سے پردیسیوں سے اضافی کرائے وصو ل کرنے کا سلسلہ بھی جاری ہے ستم بالا ستم یہ کہ ٹرانسپورٹ اتھارٹی نے مقررہ کرائے سے زائد کرائے وصول کر نے کی کھلی چھٹی دے رکھی ہے ۔بتایا گیا ہے کہ لاہور میں قائم پرائیویٹ بس اڈوں ڈائیوو ، فیصل موورز ، رہبر ٹریول اور نیازی ٹرانسپورٹ کمپنی کی انتظامیہ نے بکنگ بند ہونے کے کتبے لگا دیے ہیں تاہم بکنگ سنٹرز پر موجود انتظامیہ ٹکٹیں نہ ہونے کا شور ڈال رہے ہیں اور کرائے سے 20سے 30فیصد زیادہ رقم دینے والے افراد کو بلیک میں ٹکٹیں فروخت کی جارہی ہیں

مزید :

صفحہ آخر -