کینیڈا میں عیدالفطر اور سلامتی کی دعائیں

کینیڈا میں عیدالفطر اور سلامتی کی دعائیں
کینیڈا میں عیدالفطر اور سلامتی کی دعائیں

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

کینیڈا میں آج یعنی اتوار کوعید ہے۔ ملک کے تمام چھوٹے بڑے شہروں میں ہر ملک و خطہ کے مسلمان اپنی روایات کے مطابق عید منانے میں آزاد ہیں۔پاکستانیوں نے چاند رات کے بازاروں کا اہتمام کر رکھا ہوتا ہے تو عرب اور افریقی ملکوں سے تعلق رکھنے والے خواتین و حضرات بھی کپڑوں اور مہندی کے ساتھ بناؤ سنگھار کے ساتھ عید کی نماز کیلئے اسلامک سینٹرز ،کنونشن سینٹر اور مساجد میں پہنچتے ہیں۔اس قدر مختلف لباس ہوتے ہیں کہ عجیب ہی نظارہ ہوتا ہے۔لیکن سب مسلم امہ کے طور پر عید کی نماز میں اللہ تعالیٰ کے حضور رمضان کی برکات سے فیض یاب ہونے کے بعد سجدہ شکرادا کررہے ہوتے ہیں۔
ٹورنٹو،وینکور،مانٹر یال، کیلگری، ون پیگ، ایڈمنٹن ،اوٹاوہ اور سسکیچوان کے علاوہ دور دراز کے صوبوں اور بڑے شہروں میں عید کی نماز کے چھوٹے بڑے اجتماعات ہوتے ہیں۔جہاں مساجد میں نماز عید ادا کی جاتی ہے وہاں گھنٹہ بھر کے وقفہ سے دو نمازوں کا اہتمام کیا جاتا ہے۔
کینیڈا کے قومی صوبائی اور مقامی سطح کے سیاسی رہنما مسلمانوں کو عید کی مبارکباد دینا نہیں بھولتے۔گزشتہ دنوں وزیر اعظم کینیڈا جسٹن ٹروڈو نے خاص طور پر اسلامک ریلیف کینیڈا کی طرف سے عید کے موقعہ پر غریب اور نادار فیملیز کیلئے ’’گروسری باکسز‘‘کی پیکنگ میں بذات خود آکر حصہ لیا اور مسلمانوں کی چیرٹی اور باہمی مدد کی تعریف بھی۔ موجودہ کینیڈین گورنمنٹ کو کینیڈا میں مقیم زیادہ تر مسلمانوں کی حمایت حاصل ہے اسی لئے لبرل پارٹی نے گزشتہ انتخابات میں بھاری اکثریت حاصل کی تھی۔
اتوار کو عیدالفطر منائے جانے پر کینیڈین مسلمانوں میں ایک اطمینان اس لئے بھی ہے کہ یہ ورکنگ ڈے کی بجائے چھٹی کے دن منائی جارہی ہے۔ورنہ بعض اداروں میں ابھی تک عید کی چھٹی نہیں ملتی اور پھر شہروں کے مصروف علاقوں میں عید کی نماز پڑھنے جانے کیلئے پارکنگ کے مسائل بھی درپیش ہوتے ہیں۔
عید کی نماز کے موقعہ پر مقامی تنظیموں کیلئے فنڈریزنگ کا بھی اچھا موقعہ ہوتا ہے اور اس لئے باقاعدہ’’بوتھ‘‘بنائے جاتے ہیں اور نوجوان اس مقصد کیلئے رضا کارانہ طورپر خدمات سرانجام دیتے ہیں۔
پاکستان میں گزشتہ روز ہوئے بم دھماکوں اور بڑی تعداد میں معصوم شہریوں کی اموات سے پاکستانی مسلمانوں کے علاوہ دیگر لوگ بھی افسردہ ہیں اور عیدالفطر سے قبل تیاریوں میں اس دکھ کو محسوس کیا جارہا ہے۔ کینیڈا میں عیدالفطر کے تمام اجتماعات میں دنیا بھر اور بالخصوص پاکستان میں مسلمانوں کی سلامتی کیلئے بم دھماکوں میں شہید ہونے والوں کیلئے دعا مغفرت کی گئی ہے۔

۔

نوٹ: روزنامہ پاکستان میں شائع ہونے والے بلاگز لکھاری کا ذاتی نقطہ نظر ہیں۔ادارے کا متفق ہونا ضروری نہیں۔

مزید :

بلاگ -