برطانیہ میں خاتو ن نے عید الفطر منانے والے شہریوں پر گاڑی چڑھا دی
لندن(ڈیلی پاکستان آن لائن )برطانیہ میں اتوار کی صبح ملک کے شمالی شہر نیوکیسل میں ایک گاڑی ویسٹ گیڈ سپورٹس سینٹر کے فٹ پاتھ پر چڑھ دوڑی جس کے باعث کم از اکم چھ افراد زخمی ہو گئے ہیں ۔
تفصیلات کے مطابق اس سے قبل مقامی میڈیا نے بتایا تھا کہ مذکورہ اسپورٹس سینٹر میں سیکڑوں افراد عید الفطر منانے میں مصروف تھے اور زخمیوں میں دو بچے بھی شامل ہیں۔پولیس کی جانب سے جاری بیان کے مطابق یہ حادثہ اتوار کی صبح پیش آیا جب ایک گاڑی ویسٹ گیٹ اسپورٹس سینٹر کے باہر پیدل چلنے والوں سے ٹکرا گئی۔ پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے کی تحقیقات ہو رہی ہیں اور ابھی ہم یہ نہیں سمجھتے کہ یہ کوئی دہشت گردی کی کارروائی ہے۔
برطانیہ میں سوشل میڈیا کے بعض حلقوں نے ایک وڈیو جاری کی ہے جس میں واقعے کے بعد عید منانے والوں پر خود دہشت کے آثار ظاہر ہو رہے ہیں۔عینی شاہدین کے مطابق ویسٹ گیٹ سینٹر میں عید الفطر کی نماز کے ختم ہو جانے کے بعد مذکورہ گاڑی نے مرکز کے باہر ایک کونے میں کھڑے لوگوں کے گروپ کو روند ڈالا۔ابتدائی معلومات کے مطابق پولیس نے ایک 42 سالہ خاتون کو حراست میں لیا ہے۔برطانوی میڈیا نے ایک عینی شاہد کے حوالے سے بتایا ہے کہ ایک خاتون گاڑی چلانے کے دوران سواری پر کنٹرول کھو بیٹھی اور ایک کونے میں موجود لوگوں کے مجمع کو کچل ڈالا جن میں بچے بھی موجود تھے۔
یاد رہے کہ برطانیہ میں گزشتہ ہفتے شمالی لندن کی ایک مسجد کے نزدیک روندے جانے کا ایک حادثہ پیش آیا تھا جس میں ایک شخص ہلاک اور 10 زخمی ہو گئے تھے۔ پیر کے روز ہونے والے واقعے میں ایک وین نے سیون سِسٹرز اسٹریٹ پر واقع مسجد کے قریب نماز تراویح کے بعد باہر آنے والے پیدل افراد کے ایک گروپ کو رونڈ ڈالا تھا۔