عوامی تحریک نے شہدائے ماڈل ٹاون کیلئے پورے یورپ میں ایسا کام کردیا کہ تہلکہ مچ گیا
ڈنمارک (محمد منیر طاہر) شہدائے ماڈل ٹاون کی قربانیوں کو اجاگر کرنے کے لیے اور حصول انصاف کی تگ و دو تیز کرنے کے لیے ، پاکستان عوامی تحریک یورپ نے یورپ بھر میں پروگرامز کا انعقاد کیا ۔اس سلسلہ میں جن ملکوں میں پروگرام ہوئے ان کی تفصیل یہ ہے ۔
ڈنمارک
شہدائے ماڈل ٹاون کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے پاکستان عوامی تحریک ڈنمارک کا پروگرام پیر سید منور حسین شاہ جماعتی صاحب، سجادہ نشین آستانہ عالیہ علی پور سیداں کی زیر صدارت منعقد ہوا۔ آغاز میں شہدا کے لیے قرآن خوانی کی گئی۔ علامہ ادریس جاوید الاذہری پرنسپل منہاج سکول آف اسلامک سائنسز نے آنے والے معزز مہمانوں کا شکریہ ادا کیا۔ پیر سید منور حسین شاہ جماعتی نے اپنے خصوصی خطاب میں ڈاکٹر طاہر القادری اور پاکستان عوامی تحریک کے شہدا کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ ڈاکٹر قادری نے اس نظام کی خرابی کی درست تشخیص کی ہے جب تک چند خاندانوں کا اجارہ رہے گا عوام کے حقوق غصب ہوتے رہیں گے۔ اور حالیہ الیکشن میں وہی چور، لٹیرے اور ملک دشمن لوگ ایک بار پھر ہم پر مسلط ہوجائیں گے۔ ڈائریکٹر منہاج القرآن انٹرنیشنل ڈنمارک مفتی ارشاد حسین سعیدی نے شہدائے ماڈل ٹاون کی استقامت کو سلام پیش کرتے ہوئے کہا کہ ہمارا نظام اس قدر غریب کش ہے کہ اس پہ قابض لوگ اپنے راستے میں آنے والوں یا تو خرید لیتے ہیں یا قتل کردیتے ہیں لیکن شہدائے ماڈل ٹاون انکے گلے کی ہڈی ہیں جنہیں نہ وہ نگل سکے نہ اگل سکے اور انکے وارثین اور پاکستان عوامی تحرک قاتلین کو پھانسی کے پھندے تک پہنچا کے چھوڑے گی۔
جرمنی
جرمنی میں سانحہ ماڈل ٹاون کے شہدا کیلئے دعائیہ تقریب کا مرکز منہاج القرآن برلن میں انعقاد کیا گیا. پروگرام کے آغاز میں شہدا کے لیے قرآن خوانی کی گئی۔ جس کے بعد پروگرام کا آغاز ضیا المصطفی نے تلاوت قرآن پاک سے کیا.خطبہ استقبالیہ علامہ طارق علی نے پیش کیا۔ سانحہ ماڈل ٹاون کے حوالہ سے ڈاکومینٹری دکھائی گئی۔ صدر منہاج القرآن میاں عمران الحق نے آنے والے معزز مہمانوں کا شکریہ ادا کیا۔ عوامی تحریک جرمنی کے نائب صدر خضر حیات تارڑ نے ماڈل ٹاون کے شہدا کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے عوامی تحریک کا تفصیلی موقف پیش کیا کیا. علامہ حافظ طارق علی کے اختتامی کلمات اور دعا کے ساتھ پروگرام اختتام پذیر ہوا.
ساوتھ اٹلی
منہاج القران انٹرنیشنل کارپی اٹلی کے زیراہتمام سانحہ ماڈل کے شہداء کی یاد میں تقریب منعقد ہوئی جس کا آغاز قرآن خوانی سے کیا گیا۔ تلاوت قرآن مجید محمد حسن نے کی ثناء خوانان مصطفی میں ناصر حسین، حافظ محمد عثمان شامل ہیں خصوصی خطاب وقاراحمدقادری ڈائریکٹر منہاج القران انٹرنیشنل کارپی اٹلی نے کیا اپنے خصوصی خطاب میں انہوں نے قرآن و حدیث کی روشنی میں بڑے مدلل انداز میں شہید کا معنی ومفہوم پیش کیا ۔آخر میں شہداء کی ارواح کے لئے خصوصی دعا کی گئی۔
نارتھ اٹلی
منہاج القران انٹرنیشنل بریشیا اٹلی نے سانحہ ماڈل کے شہداء کو خراج عقیدت پیش کرنے لے لیے پروگرام کا اہتمام کیا۔ شہدا کے لیے قرآن خوانی ہوئی تلاوت کلام پاک اور نعت رسول مقبول پیش کی۔ صدر منہاج القرآن بریشیا صوفی مظہر اقبال اور جناب شفقت چیمہ نے شہدا کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے انصاف کا مطالبہ کیا اور وارثین شہدا کی استقامت کو سلام پیش کیا۔
آسٹریا
آسٹریا میں شہدائے ماڈل ٹاؤن کی یاد میں منہاج القرآن سنٹر ویانا میں میں پاکستان عوامی تحریک آسٹریا کے زیرِ اہتمام قرآن خوانی اور تعزیتی سیمینار منعقد ہوا جس میں منہاج القرآن کے وابستگان اور پاکستانی کمیونٹی نے شرکت کی. مقررین نے پاکستان میں انسانی حقوق اور حقیقی جمہوریت کی بحالی کے لیے شہدائے ماڈل ٹاؤن کی قربانیوں کو بھرپور خراجِ تحسین پیش کیا اور ڈاکٹر طاہر القادری کی حصولِ انصاف کے لیے انتھک جدوجہد میں شانہ بشانہ ساتھ دینے کا عزمِ مصمم کیا گیا. شہدائے انقلاب اور انکے لواحقین کے لئے خصوصی دعا کی گئی.
فرانس
پاکستان عوامی تحریک فرانس کے زیر اہتمام شہداء ماڈل ٹاؤن کے ایصال ثواب کے لیے قرآنی خوانی اور دعائیہ تقریب کا انعقاد ہوا۔ پروگرام کے مہمان خصوصی سابق ناظم اعلی منہاج القرآن انٹرنیشنل محترم شیخ زاہد فیاض تھے۔ انکے علاوہ سٹیج پر محترم چودھری محمد اعظم (صدرمنہاج القرآن فرانس)،محترم علامہ حسن میر قادری (امیر تحریک منہاج القرآن فرانس)اور محترم محمد سیلم خان(کنونئیر پاکستان عوامی تحریک فرانس)موجود تھے۔ اس پروگرام میں پیرس بھر سے مختلف مکاتب فکر اور سیاسی و سماجی شخصیات نے بھرپور شرکت کی۔ علامہ حسن میر قادری نے تعزیتی ریفرنس سے خطاب کرتے ہوئے شہدائے ماڈل ٹاؤن کیلئے فوری انصاف کامطالبہ کیا انہوں نے کہا کہ پاکستان میں عدل و انصاف کے نظام کو بہت زیادہ صاف و شفاف ہونا چاہیے جس میں کوئی بھی طاقت ور کسی کمزور کومحکوم نہ بنا سکے۔ صدر منہاج القرآن انٹرنیشنل سنٹر چوہدری محمد اعظم نے شرکا کی آمد کا شکریہ ادا کیا۔ شرکا نے شہدائے ماڈل ٹاؤن کو انصاف ملنے تک جدوجہد جاری رکھنے کا اعلان کیا۔