وفاقی وزیر خسرو بختیار کب استعفیٰ دیں گے ؟ ملائکہ بخاری نے بتادیا
اسلام آباد (ڈیلی پاکستان آن لائن) تحریک انصاف کی رہنما ملائکہ بخاری نے کہاہے کہ خسرو بختیار پر الزامات کے خلاف ابھی انکوائری بھی شروع نہیں ہوئی ، اگر کوئی ریفرنس آئے گا تو خسرو بختیار خود استعفیٰ دیں گے ۔
جیونیوز کے پروگرام ”آپس کی بات“میں گفتگو کرتے ہوئے ملائکہ بخاری نے کہا کہ عمران خان ایک ایماندار آدمی ہیں ، ان پر کرپشن کا کوئی داغ نہیں ہے ، سپریم کورٹ نے عمران خان کو ایماندار قرار دیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ ن نے پاکستان کی عوام کے متوسط طبقے کا کوئی خیال نہیں رکھا اور عوام کے پیسے کو ضائع کیاہے ۔
خسرو بختیار پر الزامات کے حوالے سے سوال پر ان کا کہنا تھاکہ خسرو بختیار پر الزامات پر ابھی انکوائری شروع نہیں ہوئی ، اگر کوئی ریفرنس آئے گا تو خسرو بختیار خود استعفیٰ دیں گے ، بابر اعوان کے خلاف ریفرنس آیا تو ان کی جانب سے خود استعفیٰ دیا گیا ۔