حارث سہیل کو پہلے میچ کے بعد کیوں ڈراپ کیا گیا ؟ کپتان سرفراز نے آخر کار خاموشی توڑ دی
لندن (ڈیلی پاکستان آن لائن )قومی ٹیم نے دو روز قبل لارڈز میں جنوبی افریقہ کو شکست دے کر ورلڈ کپ میں اپنا سفر جاری رکھاہواہے تاہم حارث سہیل کی شاندار پرفارمنس کے بعد ان کو ٹیم سے باہر کرنے پر کئی قسم کے سوالات بھی جنم لے رہیں جن کا جواب بھی پاکستانی ٹیم کے کپتان سرفراز احمد نے دے دیاہے ۔
کپتان سرفراز نے پاکستان کرکٹ بور ڈ کیلئے لکھے گئے کالم میں کہا ہے کہ حارث سہیل کی جتنی بھی تعریف کی جائے وہ کم ہے کیونکہ میچ کے دوران حارث کی اننگ فرق بن گئی ، وہ سخت حالات میں ورلڈ کپ کا صرف دوسرا میچ کھیل رہا تھا لیکن آخری پندرہ اوورز میں جس طرح انہوں نے بیٹنگ کی وہ شاندار تھی ۔
سرفراز احمد کا کہناتھا کہ حارث سہیل میچ کھیلنے کیلئے بے تاب تھا ، اس کی باڈی لینگویج اننگز کے آغاز سے ہی انتہائی مثبت تھی ۔انہوں نے کہا کہ حارث کی کارکردگی یہ سوال ذہن میں لاتی ہے کہ ہم نے پہلے میچ کے بعدحارث کو کیوں ڈراپ کیا؟ یہ اس لیے تھا کیونکہ ہم ایک مخصوص کمبی نیشن کے ساتھ کھیلنا چاہتے تھے، ہم نے ہمیشہ اس کی صلاحیتوں پر یقین کیا ہے لیکن چونکہ ہم مختلف کمبی نیشن کے ساتھ کھیل رہے تھے لہٰذا وہ فائنل 11 میں نہیں تھے۔
انہوں نے لکھا کہ حارث مستقبل کیلئے ایک اہم کھلاڑی ہے اور اس میں بہت ٹیلنٹ ہے لیکن اس کا کیریئر فٹنس مسائل سے دوچار رہا ہے، اب مجھے امید ہے کہ یہ اننگز حارث کے کیریئر کو پروان چڑھائےگی۔قومی ٹیم کے کپتان نے کالم میں لکھا کہ ہم نے جنوبی افریقہ کیخلاف بورڈ پر ایک اچھا ٹوٹل سجایا اور اننگز کے وقفہ کے دوران ہم جانتے تھے کہ اگر ابتدائی وکٹ لینے میں کامیاب ہوئے تو جنوبی افریقہ پر دباو¿ ڈال سکتے ہیں، ہم یہ بھی جانتے تھے کہ شاداب خان اس پچ پر اہم ہوں گے کیونکہ عمران طاہر کو بھی پچ سے مدد ملی تھی۔